مسلم لیگ (ن) کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، شہباز شریف

اپ ڈیٹ 23 جولائ 2018
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف ملتان میں عوامی جلسے سے خطاب کررہے ہیں—فوٹو: اے پی پی
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف ملتان میں عوامی جلسے سے خطاب کررہے ہیں—فوٹو: اے پی پی

ملتان: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت کو دیوار سے لگایا جارہا ہے اور ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ یہ دیوار 25 جولائی کو منہدم ہوجائے گی۔

انتخابی مہم کے سلسلے میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر الیکشن کمیشن آف پاکستان قبل از رائے شماری اور پولنگ کے دن دھاندلی کو روکنے میں ناکام رہا تو میں عوامی سیلاب کو روک نہیں سکوں گا۔

دورانِ تقریر ایک موقع پر جذباتی انداز میں ان کا کہنا تھا کہ وہ ووٹ کی عزت کے لیے اپنی جان کی قربانی دے سکتے ہیں۔

حنیف عباسی کے مجرم ٹھہرائے جانے پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جس انداز میں فیصلہ آیا وہ مایوس کن ہے۔

یہ بھی دیکھیں: مسلم لیگ ن عدالتی فیصلہ مسترد کرتی ہے،شہباز شریف

حنیف عباسی کے خلاف فیصلہ آنے کے بعد حلقے میں انتخابات ملتوی کرنے کے اعلان کو انہوں نے خوش آئند قرار دیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس سوال کا جواب اب تک نہیں مل سکا کہ عدالت کا فیصلہ انتخابات سے محض 3 روز قبل کیوں سنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک جانب سپریم کورٹ اور ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس کے باوجود آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو الیکشن لڑنے کا موقع دیا جارہا ہے دوسری جانب حنیف عباسی کو سماعت کی مقرر کردہ تاریخ سے قبل ہی مجرم ٹھہرا دیا گیا۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ترک صدر نے انہیں فون کال کر کے نواز شریف اور مریم نواز کے بارے میں دریافت کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، مسلم لیگ (ن) کے صدر کے مطابق ترک صدر کا کہنا تھا کہ ان کی دعائیں پاکستان اور شریف خاندان کے ساتھ ہیں۔

مزید پڑھیں: پولیس کو بتانا چاہتا ہوں وقت ایک جیسا نہیں رہتا، شہباز شریف

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملتان میٹرو بس منصوبے میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے منصوبے میں بدعنوانی کے الزامات لگائے لیکن اس کے کوئی ثبوت نہ فراہم کر سکے۔

اپنے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ پشاور میٹرو بس کا ابتدائی تخمینہ 15 ارب روپے لگایا گیا تھا جو بڑھ کر اب 68 ارب 50 کروڑ روپے تک جا پہنچا ہے جبکہ اس منصوبے کا ٹھیکہ اس کمپنی کو دیا گیا جو بلیک لسٹ تھی۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف ان کے رہنما تھے اور رہیں گے، انہیں جیل میں جنگی قیدیوں کی طرح رکھا گیا ہے، انہیں جیل میں قید تو کردیا گیا ہے لیکن کوئی ان کی آواز کو خاموش نہیں کروا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کا جیل میں ٹرائل قانون و آئین سے متصادم ہے، شہباز شریف

شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کا ملتان میں جلسہ مکمل ناکام تھا جبکہ عمران خان بہانے بنا رہے ہیں کہ عوام گرمی کی وجہ سے نہیں آئے، میں بھی ملتان میں جلسہ کررہا ہوں کوئی یورپ میں نہیں لیکن اس میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام اپنے ووٹ کے ذریعے نواز شریف، مریم نواز اور حنیف عباسی کو رہا کروائیں گے۔

اپنی حکومت کی کارکردگی کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے نہ صرف لودھراں سے خانیوال جانے والی سڑک مختصر وقت میں مکمل کی بلکہ ملتان میں بچوں کا جدید ترین ہسپتال اور برن یونٹ بھی قائم کیا، ان کے ساتھ انہوں نے وعدہ کیا کہ اقتدار میں آنے کے بعد نشتر ہسپتال 2 بھی تعمیر کیا جائے گا۔


یہ خبر 23 جولائی 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں