پاک فوج کا 20 ہزار فٹ کی بلندی پر کامیاب آپریشن، روسی کوہِ پیما کو بچالیا

اپ ڈیٹ 31 جولائ 2018
آرمی ایوی ایشن کے پائلیٹس نے نامساعد حالات کے باوجود غیر ملکی کوہِ پیما کو بچانے کیلئے کامیاب آپریشن کیا — فوٹو، آئی ایس پی آر
آرمی ایوی ایشن کے پائلیٹس نے نامساعد حالات کے باوجود غیر ملکی کوہِ پیما کو بچانے کیلئے کامیاب آپریشن کیا — فوٹو، آئی ایس پی آر

پاک فوج نے کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے گلیشیئر میں پھنسنے والے روسی کوہِ پیما الیگزینڈر گوبیافو کو بحفاظت اتار لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق روسی کوہِ پیما شمالی علاقہ جات میں بیافو گلیشیئر میں 20 ہزار 6 سو 50 فٹ بلند چوٹی لوٹک پر پھنس گئے تھے۔

مزید پڑھیں: پاک فوج نے نانگا پربت میں پھنسی ایک غیرملکی کوہ پیما کو بچا لیا

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی ایوی ایشن کے پائلیٹس نے نامساعد حالات کے باوجود غیر ملکی کوہِ پیما کو بچانے کے لیے 31 جولائی کی صبح کامیاب ریسکیو آپریشن کرکے انہیں باحفاظت زمین پر اتار لیا۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی بلندی پر ریسکیو آپریشن کامیابی سے انجام پایا ہے۔

روسی کوہِ پیما الیگزینڈر گوبیافو — فوٹو، آئی ایس پی آر
روسی کوہِ پیما الیگزینڈر گوبیافو — فوٹو، آئی ایس پی آر

کوہِ پیما الیگزینڈر گوبیافو کو ضروری علاج کے لیے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) اسکردو منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ غیر ملکی کوہِ پیما 25 جولائی سے لوٹک کی چوٹی پر پھنسا ہوا تھا جبکہ ان کے پاس کھانے پینے کا سامان بھی 3 روز پہلے ہی ختم ہوگیا تھا۔

پاک آرمی کا ہیلی کاپٹر آپریشن میں مصروف— فوٹو، آئی ایس پی آر
پاک آرمی کا ہیلی کاپٹر آپریشن میں مصروف— فوٹو، آئی ایس پی آر

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ کوہِ پیما کو بچانے کے لیے اس سے قبل 26 سے 30 جولائی کے درمیان 7 کوششیں کی گئیں تھیں تاہم، شدید برف اور بادل کی وجہ سے انہیں تلاش کرنا ممکن نہیں ہوسکتا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں موجود دنیا کی بلند و بالا چوٹیوں کو سر کرنے کے لیے دنیا بھر سے کوہِ پیما یہاں آتے ہیں، جن میں سے کچھ خراب موسم کی وجہ سے چوٹی کو سر نہیں کر پاتے یا پھر یہاں پھنس جاتے ہیں اور اپنی جان گنوادیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج نے حادثے کے شکار غیر ملکی کوہ پیماؤں کا سراغ لگا لیا

واضح رہے کہ پاک فوج نے حال ہی میں ان چوٹیوں کو سر کرنے کی مہم کے دوران پھنس جانے والے کوہِ پیما کو کامیاب آپریشن کے ذریعے بچایا ہے۔

رواں برس 29 جون کو پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں نے ہنزہ میں اولتر چوٹی سر کرنے کے دوران حادثے کا شکار ہونے والے غیر ملکی کوہ پیماؤں کا سراغ لگاتے ہوئے انہیں بچالیا تھا، تاہم ایک کوہِ پیما ریسکیو آپریشن سے قبل ہی ہلاک ہوگیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں