کئی بار ایسا ہوتا ہے جب اچانک درد یا کسی مسئلے کا سامنا ہوتا ہے جو بغیر کسی طبی مدد کے ختم بھی ہوجاتا ہے، مگر یہ کسی بڑی خرابی کی جانب اشارہ بھی ہوسکتا ہے۔

کئی بار چند علامات ایسی ہوتی ہیں جن کے سامنے آنے پر بہتر ہوتا ہے کہ کسی ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے، چاہے وہ سنگین نہ بھی لگ رہی ہوں۔

ایسی ہی چند علامات کے بارے میں جانیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ جسم کے اندر کچھ خراب ہورہا ہے۔

مزید پڑھیں : جسم میں خون کی کمی کا اشارہ دینے والی 10 علامات

شدید سردرد

لگ بھگ ہر ایک کو ہی کسی نہ کسی وقت سردرد کا سامنا ہوتا ہے اور یہ ضروری نہیں کہ وہ کسی سنجیدہ مرض کی علامت ہو، تاہم اس وقت معاملہ ضرور سنگین ہوسکتا ہے جب سردرد اچانک نشانہ بنائے اور اس کی شدت بہت زیادہ ہو۔ یہ خون کی شریان پھٹنے کی نشانی ہوسکتا ہے اور ایسا دماغ میں ہو تو یہ جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔

سینے میں درد

سینے میں درد بھی ضروری نہیں کہ ہمیشہ دل میں کسی گڑبڑ کی نشانی ہو، یہ خون جمنے کی علامت ہوسکتا ہے، پھیپھڑوں میں کسی مسئلے، غذائی نالی میں گڑبڑ یا کسی اور پیچیدگی کی جانب اشارہ بھی ہوسکتا ہے۔ سینے میں درد کے ساتھ اگر غشی کا احساس، قے اور ٹھنڈے پسینے آئیں تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے۔

ایک آنکھ سے نظر نہ آنا

ایک آنکھ سے اچانک نظر آنا بند ہوجائے تو یہ فالج کی نشانی ہوسکتی ہے، ایسا عام طور پر دماغ کو آکسیجن کی سپلائی میں کمی کا نیتجہ ہوتا ہے اور ایسا عام طور پر جسم کے ایک حصے میں ہوتا ہے۔

دم گھٹنا

اگر اچانک ہی سانس لینے میں مشکل یا دم گھٹنے لگے تو یہ ذہنی بے چینی کا حملہ ہوسکتا ہے، پھیپھڑوں کی کسی شریان میں بلڈ کلاٹ یا شریانوں میں کسی مسئلے کا اشارہ ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وٹامن ڈی کی کمی ظاہر کرنے والی 5 علامات

ہر وقت تھکاوٹ

دن بھر کی مصروفیات کے بعد تھکاوٹ ہونا کوئی غیرمعمولی بات نہیں، تاہم اگر یہ تھکاوٹ دن بھر طاری رہے تو یہ ہارٹ اٹیک کی ابتدائی علامت ہوسکتی ہے۔

اچانک وزن میں کمی یا اضافہ

وزن میں اچانک کمی وہ بھی بغیر کسی وجہ کے ہو تو یہ کینسر، تھائی رائیڈ گلینڈ یا جگر کے امراض کی نشانی ہوسکتی ہے۔

قے

اکثر کھانے کے بعد قے ہوجاتی ہو تو یہ معدے کے کینسر، پتے کے امراض یا شدید فوڈ پوائزننگ کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔

مسلسل کھانسی

ویسے تو مسلسل کئی روز تک کھانسی رہنا پھیپھڑوں کے کینسر کی نشانی تو نہیں مگر یہ نمونیے کی علامت ہوسکتی ہے یا کسی قسم کے انفیکشن کا خطرہ ظاہر کررہی ہوتی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Saba Qayoom Leghari Aug 02, 2018 10:11am
Thanks for sharing that must useful information.