کراچی کے علاقے شیرشاہ میں ایک گودام میں دھماکے سے 2 نوجوان جاں بحق اور ایک بچے سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ایس ایچ او شیرشاہ مختار احمد پنہور نے بتایا کہ گیس لیکیج ہونے کے باعث گودام میں رکھا ہوا سیلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک 10 ماہ کے بچے سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکے کے فوری بعد مقامی پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی جبکہ بڑی تعداد میں لوگ بھی جمع ہوگئے۔

زخمیوں کو قریبی ڈاکٹر رتھ فاؤ اسپتال میں منتقل کیا گیا، جہاں 22 سالہ سبحان خالد اور 23 سالہ محمد اشرف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

ڈاکٹر رتھ فاؤ اسپتال کے ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر قرار احمد عباسی نے بتایا کہ دونوں نوجوان اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ چکے تھے، انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں ایک 10 ماہ کا بچہ اسماعیل اور دو نوجوان 23 سالہ زبیر اور 25 سالہ جبار کو طبی سہولیات کے لیے اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکے سے متعلقہ علاقے کو گیس فراہمی کی لائن بھی پھٹ گئی جس سے علاقے کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی۔

ڈاکٹر قرار احمد عباسی کے مطابق جاں بحق نوجوانوں کے جسم دھماکے سے جھلس گئے تھے اور انہیں شدید زخم بھی آئے تھے، زخمیوں میں شامل نوجوان زبیر کی حالت نازک ہونے کے باعث اسے اسپتال کے برنس وارڈ میں منتقل کردیا گیا جبکہ کمسن اسماعیل کے سر پر چوٹیں آئیں تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

بعد ازاں آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ خادم حسین رند سے مفصل رپورٹ طلب کرلی، ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں اس طرح کے حادثے سے تدارک کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

واضح رہے کہ شیرشاہ کالونی میں جہاں دھماکا ہوا وہاں کباڑی مارکیٹ ہے جس میں چھوٹی بڑی گاڑیوں کے پرانے پرزے، اسپئیر پارٹس اور لوہے کا سامان فروخت کیا جاتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں