شارجہ: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کھیل کے نئے فارمیٹ ٹی10لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی باضابطہ طور پر منظوری دے دی ہے۔

ٹی20 فارمیٹ کی شاندار کامیابی کے بعد گزشتہ سال پہلی مرتبہ ٹی10 فارمیٹ متعارف کرایا گیا جس کا ملا جلا ردعمل سامنے آیا تھا مگر گزشتہ ایڈیشن کی آئی سی سی نے منظوری نہیں دی تھی۔

تاہم 23 نومبر 2018 سے شارجہ میں شروع ہونے والی لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی آئی سی سی نے منظوری دے دی ہے۔

گزشتہ ایڈیشن کے برعکس اس بار 2 نئی ٹیموں کا اضافہ کیا گیا ہے جس سے اس مرتبہ کرکٹ لیگ کا دورانیہ 10 دن ہوجائے گا۔

گزشتہ برس شارجہ میں اپنی طرز کی پہلی لیگ میں آئن مورگن کی قیادت میں کیرالہ کنگ نے کامیابی حاصل کی تھی۔

ٹی 10 لیگ کے چیئرمین شجیع الملک نے کہا کہ ہم ایک سال قبل دی گئی ذمے داری پر پورا اترے اور ٹی10 کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ فارمیٹ بنادیا ہے۔

ٹی 10 لیگ کے صدر سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ منظوری سے اس فارمیٹ کی عالمی سطح پر مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگا اور محض ایک سال میں 2 نئی ٹیموں کا اضافہ اس بات کا ثبوت ہے ٹیموں کی تعداد میں اضافے سے نہ صرف لیگ کا دورانیہ 4 دن سے بڑھ کر 10 ہوجائے گا بلکہ اس سے مزید کھلاڑیوں کو لیگ کا حصہ بننے کا موقع بھی ملے گا۔

ٹی 10 کرکٹ لیگ کا دوسرا ایڈیشن 23 نومبر 2018 سے شارجہ کے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا اور 10دن تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔

ایونٹ میں مراٹھا عریبینز کی قیادت افغانستان کے اسپنر راشد خان کریں گے جبکہ پختونز کے کپتان پاکستان کے شاہد آفریدی، پنجابی لیجنڈ کے کپتان شعیب ملک اور کیرالہ کنگز کے کپتان انگلینڈ کے آئن مورگن ہوں گے۔

راجپوتز کی قیادت نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم، بنگال ٹائیگرز کی ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن، نادرن واریئرز کی ڈیرن سیمی اور کراچیئین کی قیادت آسٹریلیا کے شین واٹسن کریں گے۔

دوسرے ایڈیشن کے لیے ٹیموں کی ڈرافٹنگ آئندہ ماہ ستمبر میں ہو گی۔

تبصرے (0) بند ہیں