سنوڈن کیجانب سے روس میں پناہ کی درخواست

ماسکو: خفیہ امریکی پروگرام عام کرنے والے ایڈورڈ سنوڈن نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ جب تک وہ قانونی طور پر لاطینی امریکہ جانے کے قابل نہیں ہو جاتے اس وقت تک وہ روس میں پناہ چاہتے ہیں، ان کا مذید کہنا تھا کہ انھیں خفیہ امریکی پروگرام منظر عام پہ لانے کا کوئی افسوس نہیں ہے۔
ماسکو ایئر پورٹ پر حقوق کے کارکنان سے گفتگو میں سنوڈن نے کہا کہ انھیں مغربی حکومتوں کی طرف سے لاطینی امریکہ کے ممالک کے سفر سے روکا جا رہا ہے، جو انھیں پناہ کی پیشکش کر چکے ہیں۔
وکی لکس ویب سائٹ کے مطابق جب تک یورپین ریاستیں ان کے سفر کو قانونی طور پر قبول نہیں کر لیتں تب تک کیلئے وہ روس میں قیام کے لیئے درخواست جمع کرا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ لاطینی امریکہ کے دو ملکوں نکاراگوا اور وینزویلا کے صدور نے امریکہ کو مطلوب سی آئی اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کو سیاسی پناہ دینے کی پیشکش کی ہے۔
وینزویلا کے صدر نیکولس مدورو نے کہا ہے کہ وہ امریکی نگرانی کے پروگرام کے راز افشاء کرنے والے جاسوس کو پناہ دیں گے۔