نیپال میں شدید بارشیں، 60 افراد ہلاک
کٹھمنڈو: پولیس کے مطابق، نیپال میں شدید مون سون بارشوں سے حالیہ سیلاب میں ہلاکتوں کی تعداد کم ازکم ساٹھ تک پہنچ گئی ہے۔
حکومت کا قبل ازیں کہنا تھا کہ وسط جون میں شدید بارشوں نے ملک کے جنوبی میدانی اور دور دراز مغربی پہاڑی علاقوں میں مقیم کمیونٹیز کو شدید متاثر کیا ہے جبکہ کم ازکم پچاس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
مقامی پولیس کی جانب سے جمعہ کو مزید 10 ہلاکتوں کی اطلاع دی گئی ہے۔
بیرات نگر قصبے میں ایک مقامی پولیس اہلکار بہوج دیوج خطیوادہ نے بتایا کہ کم ازکم دس افراد شدید بارشوں سے آنیوالے سیلاب میں ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ دو افراد لاپتہ اور دو زخمی ہیں ۔
خطیوادہ نے کہا کہ چھ ہزار کے قریب گھروں کو سیلاب کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے جس سے زیادہ تر جنوب مشرقی نیپال کے علاقے گزشتہ چار روز میں متاثر ہوئے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں ، 1800کے قریب افراد بے گھر ہوئے ہیں ، متاثرین کو اسکولوں اور مقامی حکومتی دفاتر جیسے محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ سیلاب سے فصلوں کوبھی نقصان پہنچا ہے ۔
نیپال میں مون سون سیزن کے دوران ہر سال سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے سینکڑوں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔
قبل ازیں ہندوستان کے ساتھ ملحقہ سرحدی علاقے میں بھی بارشیں ہوئی تھیں جہاں تودے گرنے اور سیلاب سے کم ازکم 5500 افراد کی ہلاکت کاخیال کیا جاتا ہے۔