اسلام آباد: وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے سردار عثمان بُزدار کی نامزدگی کا دفاع کیا ہے۔

عمران خان نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ 'میں واضح کر دوں کہ میں پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے لیے نامزد امیدوار عثمان بزدار کے ساتھ کھڑا ہوں۔'

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو ہفتوں میں انہوں نے تمام ضروری چھان پھٹک مکمل کرلی ہے اور عثمان بزدار کو ایک دیانتدار شخص پایا ہے، وہ ایک باوقار آدمی ہیں جو نئے پاکستان کے حوالے سے ان کے نظریے اور ویژن کے ساتھ کھڑے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ 'پنجاب میں پہلی بار ایسا وزیر اعلیٰ آئے گا جس کا تعلق پسماندہ علاقے سے ہو اور جو جانتا ہو کہ عملی طور پر کیا کیا جانا چاہیے، میں ہر لحاظ سے عثمان بزدار کے ساتھ ہوں۔'

واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے یہ بیان اس وقت جاری کیا گیا جب مقامی میڈیا کی رپورٹس میں عثمان بزدار کے مبینہ طور پر کرپشن اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

میڈیا کے ایک حصے نے رپورٹ کیا کہ پولیس کے مطابق عثمان بزدار، ان کے والد اور دیگر ملزمان کے خلاف 1998 میں ڈیرہ غازی خان میں پولنگ کے دوران فائرنگ سے 6 افراد کے قتل کی منصوبہ بندی کا مقدمہ درج ہوا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نامزد وزیر اعلیٰ سمیت دیگر ملزمان کو عدالت نے مجرم ٹھہرایا تھا، لیکن عثمان بزدار اور ان کے والد نے 75 لاکھ روپے دیت ادا کرکے فریقین سے صلح کرلی تھی اور بری ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف نے سردار عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کردیا

ان میڈیا رپورٹس کے بعد نامزد وزیر اطلاعات و نشریات اور تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کی جانب سے ایک ویڈیو بیان جاری کیا گیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کے خلاف چند حلقوں کی طرف سے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف نیب کا کوئی مقدمہ نہیں چل رہا جبکہ قتل کے واقعے کی ایف آئی آر کے مطابق وہ جائے وقوع پر موجود نہیں تھے اور ان کے خلاف یہ مقدمہ سیاسی تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کہا گیا تھا کہ پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ مخالف امیدوار کی ایما پر کی گئی، اس طرح کے سیاسی مقدمات ہماری دیہی سیاست کا حصہ ہیں لہٰذا اس مقدمے کو لے کر عثمان بزدار کے کردار پر انگلی نہیں اٹھانی چاہیے۔'

یاد رہے کہ عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے نامزد کیا تھا۔

عمران خان نے اپنے بیان میں سردار عثمان کی نامزدگی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ سردار عثمان کا تعلق پنجاب کے پسماندہ علاقے سے ہے جہاں نہ پانی ہے نہ بجلی۔

ان کا کہنا تھا کہ سردار عثمان کے گھر میں خود بھی بجلی نہیں ہے، وہ جانتے ہیں کہ غربت میں رہنا کیا ہوتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

شان علی Aug 18, 2018 09:57pm
ایسا امیدوار جسکا والد ایم پی اے رہا اور وہ خود بھی پنجاب اسمبلی کا حصہ رہا، کیا اس کے اپنے گھر میں بجلی نہیں۔۔۔ یہ خان صاحب کی سادگی ہے یا ۔۔۔