سنی دیول کی اقربا پروری کی حمایت

اس میں کوئی برائی نہیں کہ جس فیلڈ میں باپ کام کرتا ہو بیٹا بھی اسی فیلڈ میں آئے، بوبی دیول—فوٹو: ہندوستان ٹائمز
اس میں کوئی برائی نہیں کہ جس فیلڈ میں باپ کام کرتا ہو بیٹا بھی اسی فیلڈ میں آئے، بوبی دیول—فوٹو: ہندوستان ٹائمز

اگرچہ بولی وڈ میں اقربا پروری پر کافی عرصے سے بحث جاری ہے اور فلم ساز کرن جوہر پر بہت سارے لوگ یہ الزام لگا چکےہیں کہ وہ اس رواج کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

گزشتہ برس بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ نے کافی ود کرن شو کے دوران کرن جوہر پر اقربا پروری کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی فلموں کے ذریعے اداکاروں، فلم سازوں اور شوبز سے وابستہ افراد کے بچوں اور رشتہ داروں کو متعارف کراتے ہیں۔

کنگنا رناوٹ کے بیان کے بعد اس معاملے پر بولی وڈ میں بحث ہوتی رہی اور یہاں تک کہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ جیسے اداکاروں نے بھی اعتراف کیا کہ فلم انڈسٹری میں اقربا پروری موجود ہے۔

تاہم اب معروف اداکار سنی دیول نے بھی اقربا پروری کی حمایت کرتے ہوئے ان افراد کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جو اس عمل کے خلاف بات کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عالیہ بھٹ کا بولی وڈ میں اقربا پروری کا اعتراف

سنی دیول کا ماننا ہے کہ جو لوگ اقربا پروری کے خلاف ہیں یا اس عمل کے خلاف بات کرتے ہیں، دراصل وہ خود ناکام ہیں یا انہیں آگے بڑھنے کا موقع ہی نہیں ملا۔

سنی دیول جلد ہی بیٹے کی پہلی فلم بنانے کا آغاز کریں گے—فائل فوٹو: بولی ڈاٹ کام
سنی دیول جلد ہی بیٹے کی پہلی فلم بنانے کا آغاز کریں گے—فائل فوٹو: بولی ڈاٹ کام

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق سنی دیول نے اپنے بیٹے کرن دیول کو فلم انڈسٹری میں متعارف کراتے ہوئے اقربا پروری کی حمایت کی اور کہا کہ اگر ایسا عمل اس فیلڈ میں موجود ہے تو یہ کوئی غلط کام نہیں۔

اپنی آنے والی فلم ‘یملا پگلا دیوانہ تھری’ کی تشہیر کے دوران سنی دیول نے اپنے بیٹے کی آنے والی فلم ‘پل پل دل کے پاس‘ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بیٹے کوانڈسٹری میں متعارف کرانے کے عمل کو اچھا قرار دیا اور کہا کہ اگر وہ اس انڈسٹری کا حصہ ہیں تو اس میں کیا غلط کام ہے کہ ان کا بیٹا بھی اس کا حصہ بنے؟

اداکار نے صحافیوں کی جانب سے اقربا پروری پر پوچھے گئے سوالات کو فضول قرار دیتے ہوئے کہا کہ دراصل جو لوگ کامیاب نہیں ہوپاتے اور جنہیں آگے بڑھنے کے موقع نہیں ملتے وہی افراد اقربا پروری کی مخالفت کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ میں اقرباپروری سےکامیابی ناممکن، کرینہ کپور

جب صحافیوں نے سنی دیول سے پوچھا کہ بھارت میں اور بھی کئی نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ہیں جو فلم انڈسٹری میں آنا چاہتے ہیں مگر انہیں موقع نہیں ملتا اور اداکاروں کے بچوں کو جلد موقع ملتا ہے تو اس پر اداکار کا کہنا تھا کہ بہت سارے اداکاروں کے بچے ایسے بھی ہیں جنہیں یہ موقع نہیں ملا۔

بوبی دیول جلد اپنے والد اور بھائی کے ساتھ فلم یملا پگلا دیوانہ پھر سے میں نظر آئیں گے—فوٹو: این ڈی ٹی وی
بوبی دیول جلد اپنے والد اور بھائی کے ساتھ فلم یملا پگلا دیوانہ پھر سے میں نظر آئیں گے—فوٹو: این ڈی ٹی وی

خیال رہے کہ سنی دیول، بوبی دیول اور دھرمیندرا کی فلم ‘یملا پگلا دیوانہ پھر سے’ رواں ماہ 31 اگست کو ریلیز ہوگی، اس سے قبل اس سیریز کی پہلی دونوں فلموں میں بھی تینوں باپ اور بیٹے مرکزی کرداروں میں نظر آئے تھے۔

علاوہ ازیں سنی دیول اپنے بیٹے کرن دیول کی پہلی فلم ‘پل پل دل کے پاس’ کی تیاریوں میں بھی مصروف ہیں۔

بیٹے کی پہلی فلم کی وہ خود ہدایات دیں گے، ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ اسے آئندہ برس کے وسط تک ریلیز کیا جائے گا۔

سنی دیول کے بیٹے کی پہلی فلم کی دیگر کاسٹ میں کون شامل ہیں، اس حوالے سے بھی کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں