عاطف اسلم کے ریمیک گانے سے لتا منگیشکر ناخوش

اپ ڈیٹ 06 ستمبر 2018
گلوکارہ نے عاطف کا گانا سننے سے انکار کردیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
گلوکارہ نے عاطف کا گانا سننے سے انکار کردیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا بولی وڈ کی ایک اور فلم کے لیے گایا گانا ’چلتے چلتے‘ ریلیز ہوگیا، تاہم ہندوستان کی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر اس سے خوش نہیں۔

دراصل عاطف کا یہ گانا 1972 میں ریلیز ہوئی فلم ’پاکیزہ‘ کے گانے ’چلتے چلتے‘ کا ریمکس ہے۔

ماضی کے اس کامیاب گانے کی گلوکارہ لتا منگیشکر نے کی تھی جبکہ اسے غلام محمد نے کمپوز کیا تھا۔

اس گانے کا ریمکس رواں سال ستمبر میں ریلیز ہونے والی فلم ’مترون‘ میں شامل کیا گیا ہے، جس میں اداکار جیکی بھگنانی اور کریتیکا کمرا اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔

اس فلم میں عاطف اسلم نے ماضی کے اس کامیاب گانے کو نئے انداز میں گایا، جس کی کمپوزیشن تنشک بغچی نے کی۔

چلتے چلتے کے ریمکس کے حوالے سے جب لتا منگیشکر سے پوچھا گیا تو گلوکارہ نے گانے پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے سننے سے منع کردیا۔

لتا کا کہنا تھا کہ ’خوش قسمتی سے میں نے یہ گانا نہیں سنا، اور نہ ہی میں سننا چاہوں گی، یہ پرانے گانوں کو ریمکس کرکے نئے انداز میں ریلیز کرنے کا ٹرینڈ مجھے سمجھ نہیں آتا، محنت کی کوئی قیمت نہیں؟ ماضی کے ایسے بہترین گانوں سے محبت نہیں، میں نے تو یہ بھی سنا تھا کہ گانے کے بول بھی تبدیل کردیے گئے ہیں، لیکن اجازت کس سے لی گئی؟‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس گانے کے اصل شاعر اور کمپوزرز نے اسے تیار کیا، کسی کو اجازت نہیں کہ اسے تبدیل کریں‘۔

گلوکار بابل سپریو کا کہنا تھا کہ ’بحیثیت ایک گلوکار میں اپنے افسوس کا اظہار کرنے کے لیے اس گانے پر کمنٹ کرنے کے بجائے دو منٹ کی خاموشی اختیار کروں گا‘۔

یاد رہے کہ حال ہی میں گلوکارہ الکا یاگنک کے کامیاب گانے ’دلبر دلبر‘ کو ریمکس کرکے بولی وڈ فلم ’ستی میواجیت‘ کا حصہ بنایا گیا۔

اس پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے الکا کا کہنا تھا کہ ’یہ لوگ نیا گانا بنا کر اسے کیوں سپرہٹ نہیں بناتے؟ بجائے اس کے کہ پہلے سے ہٹ گانے کا انتخاب کریں، اسے تبدیل کریں اور پھر کہیں کہ کتنا مقبول ہوگیا، چلیں ہمارے گانوں کے ساتھ تو یہ ظلم کرتے ہیں لیکن اب انہیں نے لتا دی دی کے ساتھ بھی ایسا کرنا شروع کردیا‘۔

تاہم عاطف اسلم کے مداحوں نے ’چلتے چلتے‘ ریمکس کو بےحد پسند کیا۔

گلوکار نے اپنے ٹوئٹر پر اس گانے کی ویڈیو شیئر کی، جس کے بعد صارفین نے ان کی گلوکاری کے ساتھ ساتھ گانے کے ریمکس کو بھی خوب پسند کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں