• KHI: Partly Cloudy 19°C
  • LHR: Cloudy 12.7°C
  • ISB: Cloudy 11.4°C
  • KHI: Partly Cloudy 19°C
  • LHR: Cloudy 12.7°C
  • ISB: Cloudy 11.4°C

وزیراعظم کیلئے قومی اسمبلی میں ایک گھنٹے کا وقت مختص کرنے پر غور

شائع September 4, 2018

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں قومی اسمبلی کی کارروائی کے حوالے سے قوانین میں ترامیم کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں اسمبلی کی کارروائی کے امور زیر غور آئے اور سینیٹ کی طرح قومی اسمبلی میں بھی وقفہ سوالات کے تحت وزیراعظم کے لیے ایک گھنٹے کا وقت مختص کرنے پر بات چیت کی گئی، جس میں ہر 15 دن میں ایک گھنٹہ ’پی ایم آور‘ کے نام سے ان کے لیے مختص کیا جائے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیر اعظم کی سادگی و کفایت شعاری مہم کو بھی سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا کم قیمت اور قابل رسائی 5 لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ

ملاقات میں اس بات پر بھی گفتگو ہوئی کہ قومی اسمبلی کے 'رول آف پروسیجر' اور 'کنڈکٹ آف بزنس برائے سال 2007' میں کس طرح ترامیم کی جائیں تاکہ وزیر اعظم ایوانِ زیریں میں مخصوص ایک گھنٹے کے وقت میں اپوزیشن اراکین کے سوالات کے جوابات دے سکیں۔

اس قسم کی قانون سازی 2012 میں سینیٹ میں بھی کی گئی تھی جس کے تحت وزیر اعظم کے لیے ایک گھنٹے کا وقت مختص کردیا گیا تھا، جس میں وہ سینیٹرز کے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیتے ہیں۔

چناچہ سینیٹ کے رول 61 کے تحت ’وزیراعظم کے لیے جب ممکن ہو تو ذاتی طور پر سینیٹ اراکین کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے جوابات دیں گے اور اس کے لیے انہیں ہر ہفتے ہونے والے اجلاس میں ایک دفعہ وزیر اعظم کے لیے مختص گھنٹے میں شریک ہونا ہے‘۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان نے شجرکاری مہم کا آغاز کردیا

اس ضمن میں ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کبھی بھی قومی اسمبلی سے خطاب کرسکتے ہیں، تاہم ان کے لیے ایک گھنٹے کا وقت مختص کرنے کے لیے قوانین میں ترمیم کرنی ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2025
کارٹون : 24 دسمبر 2025