قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی و دیگر کے خلاف مبینہ طور پر اختیارات کے ناجائز استعمال کرتے ہوئے میڈاس پرائیوٹ لمیٹڈ کے ذریعے غیر قانونی اشتہاری مہم چلانے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر کرپشن کا ریفرنس دائر کردیا۔

واضح رہے کہ میڈاس پرائیوٹ لمیٹڈ لاہور میں مقیم ایک اشتہاری ایجنسی ہے جس کے پاس تقریباً تمام بڑی سیاسی جماعتوں کی تشہیر کا کنٹریکٹ ہے۔

یوسف رضا گیلانی کے علاوہ دیگر افراد میں سابق پرنسپل انفارمیشن آفیسر محمد سلیم، سابق سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی فاروق اعوان، سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) ریاض اشعر صدیقی، سابق کمپنی سیکرٹری یو ایس ایف سید حسن شکوہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر میڈاس انعام اکبر اور سابق پرسنل اسسٹنٹ برائے پبلک ریلیشنز آفیسر آئی ٹی محمد حنیف شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: یوسف رضا گیلانی کی سیکیورٹی واپس لینے پر بلاول بھٹو کو تشویش

ریفرنس میں بتایا گیا کہ یونیورسل سروس فنڈ کے 26ویں اجلاس میں 28 دسمبر 2011 میں ملزم سید یوسف رضا گیلانی نے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور چیئرمین یونیورسل سروس فنڈ بورڈ کی حیثیت سے یو ایس ایف کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کیلئے میڈیا مہم چلانے کی ہدایت کی تھی۔

اس کے علاوہ سابق سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قواعد و ضوابط کے خلاف میڈاس پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے غیر قانونی اشتہاری مہم کے ذریعے قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر میڈاس نے پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کی ہدایات کو نظر انداز کیا اور یونیورسل سروس فنڈ اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے تحریری ریلیز آرڈر حاصل کئے بغیر الیکٹرانک میڈیا مہم چلائی اور ادائیگی کیلئے بل پیش کئے۔

میڈاس پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے میڈیا مہم چلائی گئی جو کہ نہ پہلے اور نہ بعد میں یو ایس ایف کے پینل پر تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹڈاپ اسکینڈل: یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد

تاہم چیف ایگزیکٹو آفیسر یونیورسل سروس فنڈ ریاض اشعر نے پی آئی او محمد سلیم سے مل کر اس کا نام پینل میں شامل کیا اور پی آئی ڈی نے اس میڈیا مہم کو قانونی بنایا اور 12 کروڑ 80 لاکھ روپے کی ادائیگی کرنے میں سہولت فراہم کی۔

میڈیا مہم کا ٹھیکہ دینے کیلئے کوئی باضابطہ بولی نہیں ہوئی جو کہ مکمل طور پر پیپرا رولز اور وزارت انفارمیشن براڈ کاسٹنگ اور پی آئی ڈی کی پالیسی کے خلاف ہے۔

ملزمان نے ایک دوسرے سے مل کر میڈاس پرائیویٹ لمیٹڈ کو ادائیگی قانونی بنانے کیلئے بورڈ سے پرانی تاریخوں میں منظوری حاصل کی اور قومی خزانہ کو نقصان پہنچایا۔

نیب کے مطابق ان کے بروقت اقدام کے تحت میڈاس کو ادائیگی روک دی گئی اور نیب نے احتساب عدالت اسلام آباد میں ریفرنس دائر کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں