سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک امریکی پائلٹ ہلاک اور سعودی عرب کا زیر تربیت اہلکار زخمی ہوگیا۔

سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکی پائلٹ سعودی عرب کے نیشنل گارڈز کے لیے کام کرتے تھے۔

مزید پڑھیں: سعودی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 12 فوجی اہلکار ہلاک

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق نیشنل گارڈ کی وزارت کے جاری بیان میں کہا گیا کہ واقعہ ریاض میں قائم خاشم ال ان ایئر پورٹ پر پیش آیا، جہاں اے ایچ 6 آئی ہیلی کاپٹر تربیت کے مشن پر تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں امریکی ٹرینر پاؤل ریڈے ہلاک اور سعودی عرب کا زیر تربیت اہلکار ہشام بن عبدالعزیز ال شیخ زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی ہیلی کاپٹر یمن سرحد کےقریب گر کر تباہ، شہزادہ جاں بحق

وزارتِ نیشنل گارڈ کے حکام کے مطابق زخمی کو طبی امداد کے لیے کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی میں نیشنل گارڈ کے طبی مرکز منتقل کردیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 'واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو واقعے کی وجوہات سے متعلق تفتیش کررہی ہے'۔

تبصرے (0) بند ہیں