ڈینیئل ژانگ علی بابا میں جیک ما کی جگہ لیں گے

10 ستمبر 2018
جیک نے 10 سال سے زائد عرصے تک چیئرمین کے طور پر کام کیا—فوٹو: کیو زیڈ ڈاٹ کام
جیک نے 10 سال سے زائد عرصے تک چیئرمین کے طور پر کام کیا—فوٹو: کیو زیڈ ڈاٹ کام

آن لائن ای کامرس کمپنی ‘علی بابا’ کے شریک بانی اور ایگزیکٹو چیف 54 سالہ جیک ما نے 2 روز قبل ہی اپنے عہدے سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

جیک ما نے چیئرمین شپ چھوڑتے ہوئے تعلیم اور انسانی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

جیک ما کی جانب سے عہدہ چھوڑے جاتے وقت کمپنی نے اس بات کی تصدیق نہیں کی تھی کہ ان کی جگہ کمپنی کا کون نیا چیئرمین ہوگا۔

تاہم اب علی بابا کے نئے ایگزیکٹو چیئرمین کے نام کا اعلان کردیا گیا۔

کاروباری نشریاتی ادارے ‘بلوم برگ’ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ جیک ما کی جگہ 46 ڈینیل ژانگ کو علی بابا کا نیا ایگزیکٹو چیئرمین مقرر کیا جائے گا۔

ڈینیئل ژانگ نے 2007 میں علی بابا کو جوائن کیا تھا—فوٹو: الیزلا
ڈینیئل ژانگ نے 2007 میں علی بابا کو جوائن کیا تھا—فوٹو: الیزلا

رپورٹ کے مطابق جیک ما آئندہ برس ستمبر تک اپنے عہدے سے الگ ہوجائیں گے، جس کے بعد ڈینیئل ژانگ کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔

جیک ما نے ایگزیکٹو چیف کے عہدے پر ایک دہائی تک خدمات سر انجام دیں اور مزید ایک سال تک وہ اس پر اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔

جیک ما اگرچہ چیئرمین کے عہدے سے ہٹ جائیں گے، تاہم وہ بورڈ آف گورنرز کے رکن ہونے سمیت کمپنی کے شریک بانی بھی رہیں گے۔

ان کی جگہ لینے والے 46 سالہ ڈینیئل ژانگ نے 2007 میں علی بابا کو چیف فنانشل آفیسر کے طور پر جوائن کیا تھا، تاہم وہ اس وقت کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آن لائن چینی کمپنی علی بابا کے چیئرمین نے عہدہ چھوڑ دیا

انہیں کمپنی کا صدر بھی کہا جاتا ہے، تاہم آئندہ برس ستمبر تک وہ کمپنی کے اعلیٰ ترین عہدے یعنی ایگزیکٹو چیئرمین پر تعینات ہوجائیں گے۔

جیک ما نے 18 افراد کے ساتھ 1999 میں علی بابا بنائی تھی—فوٹو: سی این بی سی
جیک ما نے 18 افراد کے ساتھ 1999 میں علی بابا بنائی تھی—فوٹو: سی این بی سی

جیک ما کی جانب سے عہدے کو چھوڑے جانے کو دنیا کی بڑی آن لائن کمپنیوں میں شمار ہونے والی علی بابا میں گزشتہ ایک دہائی میں سب سے بڑی تبدیلی بھی کہا جا رہا ہے۔

علی بابا کو جیک ما نے دیگر 18 افراد کے ساتھ مل کر 1999 میں معروف آن لائن کامرس ویب سائیٹ ’علی بابا’ کو بنایا تھا۔ اس ویب سائیٹ کو بنانے کا مقصد چین کی مصنوعات کو عالمی منڈیوں اور دیگر ممالک تک آسانی سے پہنچانا تھا۔

ابتدائی چند سالوں میں اس کمپنی کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اس وقت علی بابا کا شمار دنیا کی بڑی آن لائن ای کامرس کمپنیوں اور ویب سائیٹس میں ہوتا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت علی بابا کے کل وقتی ملازمین کی تعداد 66 ہزار ہے اور اس کے اثاثوں کی ویلیو 4 سو 20 ارب ڈالر (پاکستانی 420 کھرب روپے سے زائد) ہے۔

اس وقت کمپنی کے 66 ہزار ملازمین ہیں—فوٹو: ریڈف
اس وقت کمپنی کے 66 ہزار ملازمین ہیں—فوٹو: ریڈف

تبصرے (0) بند ہیں