کیا ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ نئی کاسٹ کے ساتھ واپس آرہی ہے؟

11 ستمبر 2018
فلم 1998 میں ریلیز ہوئی تھی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم 1998 میں ریلیز ہوئی تھی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ کے کامیاب ہدایت کار اور پروڈیوسر کرن جوہر نے اپنے کیریئر میں کئی ایسی فلمیں ہندی سینما کو دی، جنہوں نے باکس آفس پر شاندار بزنس کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کا دل بھی جیتا۔

کرن کی ہدایات میں بننے والی پہلی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ ان کے لیے بےحد خاص ہے، خاص صرف اس لیے نہیں کیوں کہ یہ کرن کی پہلی فلم تھی، بلکہ اس لیے بھی کہ اس میں ان کی پسندیدہ کاسٹ شامل تھی، جبکہ فلم آج بھی لوگوں کے دلوں میں موجود ہے۔

کرن جوہر سے متعدد انٹرویوز اور شوز کے دوران یہ سوال پوچھا گیا ہے کہ کیا وہ کبھی اس فلم کا سیکوئل بنانا چاہیں گے، لیک ہدایت کار نے کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔

البتہ اب کرن جوہر نے ایک انٹرویو کے دوران یہ بتادیا کہ اگر وہ کبھی فلم کا سیکوئل بناتے ہیں تو اس کی کاسٹ کا کون کون حصہ بنے گا۔

مزید پڑھیں: 'کچھ کچھ ہوتا ہے کی کہانی فضول تھی'

یاد رہے کہ 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم میں شاہ رخ خان، کاجول اور رانی مکھرجی نے مرکزی کردار ادا کیے تھے جبکہ سلمان خان بھی ایک مختصر کردار میں نظر آئے تھے۔

جبکہ اب کرن جوہر نے بتایا کہ اگر وہ کبھی ’کچھ کچھ ہوتا ہے 2‘ بنانے کا ارادہ کریں گے تو اس فلم میں شاہ رخ کی جگہ رنبیر کپور کو کاسٹ کیا جائے گا، جبکہ عالیہ بھٹ اور جھانوی کپور مرکزی اداکاراؤں کا کردار نبھائیں گی۔

یاد رہے کہ کرن جوہر نے عالیہ بھٹ کو بھی 2012 میں اپنی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے ساتھ لانچ کیا تھا، جس کی ہدایات انہوں نے خود دی تھی۔

جبکہ جھانوی کپور کو بھی کرن جوہر نے رواں سال اپنی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’دھڑک‘ کے ساتھ لانچ کیا۔

رنبیر کپور کے حوالے سے کرن جوہر نے بتایا کہ وہ ان کے سب سے پسندیدہ اداکار ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ وہ رنبیر کے ساتھ کام کررہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں