دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستانی باؤلر حسن علی، افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اصغر افغان اور کھلاڑی راشد خان پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ابوظہبی میں ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے میں پاکستان اور افغانستان کے میچ کے درمیان ضابطہ اخلاق کے درجہ بندی اول کی خلاف ورزی پر تینوں کھلاڑیوں کے ایک، ایک منفی پوائنٹس بھی دیے۔

ادارے کی جانب سے بتایا گیا کہ حسن علی اور اصغر کھلاڑیوں کے لیے بنائے گئے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.1.1 کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے جبکہ راشد خان نے آرٹیکل 2.1.7 کی خلاف ورزی کی۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ: پاکستان نے افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

خیال رہے کہ آرٹیکل 2.1.1 میں ’کھیل کی روح کی خلاف ورزی‘ کرنے جبکہ آرٹیکل 2.1.7 میں ’نامناسب زبان، رویے یا اشاروں‘ کے خلاف استعمال ہوتا ہے۔

آئی سی سی کے بیان کے مطابق افغانستان کی اننگ کے 33 ویں اوور میں پاکستانی باؤلر حسن علی نے بلے باز حشمت اللہ شاہیدی کو گیند پھینک کر ڈرانے کی کوشش کی، جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

اسی طرح ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے افغانستان کے کپتان اصغر نے 37 ویں اوور میں رنز بناتے وقت حسن علی کو کندھا مارا جبکہ پاکستان کی اننگ کے 47 ویں اوور میں راشد خان نے بلے باز آصف علی کو آؤٹ کرکے انگلی سے واپس جانے کا اشارہ کیا۔

آئی سی سی کے مطابق باؤلر کا یہ ردعمل بلے باز کے جارحانہ رویہ کو بڑھا سکتا تھا۔

میچ کے دوران پیش آنے والے واقعات پر فیلڈ امپائر انیل چوہدری اور شوان جیورج، تھرڈ امپائر روڈ ٹکر اور فورتھ امپائر انیس الرحمٰن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کو رپورٹ کیا۔

بعد ازاں تینوں کھلاڑیوں نے اپنی غلطی کو تسلیم کیا، جس کے بعد آئی سی سی میچ ریفریز کے امریٹس الیٹ پینل کے رکن اینڈی پےکروفٹ نے ان پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ اور ایک، ایک منفی پوائنٹ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’زمبابوے اور بھارت سے کھیلنے میں فرق ہے‘

واضح رہے کہ پاکستانی کھلاڑی حسن علی اور افغان کھلاڑی راشد خان کو پہلی مرتبہ پوائنٹس میں تنزلی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ افغان کپتان اصغر کو 2 سال کے دوران دوسری مرتبہ منفی پوائنٹس کا سامنا کرنا پڑا۔

اس سے قبل افغان کپتان اصغر کو زمبابوے کے خلاف ایک روزہ میچ میں امپائر کے فیصلے کے خلاف نازیبا رویہ اپنانے پر 2 منگی پوائنٹس کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یاد رہے کہ 21 ستمبر کو ابوظہبی میں ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں