کراچی: عدالت نے اربوں روپے کی کرپشن کے ملزم سابق وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کو علاج کے لیے بیرونِ ملک جانے کی اجازت دے دی۔

کراچی کی احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم حسین کی جانب سے بیرونِ ملک علاج کے لیے جانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے ڈاکٹر نے عدالت میں میڈیکل رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ ڈاکٹر عاصم حسین بیمار ہیں۔

ڈاکٹر عاصم حسین نے اپنی درخواست میں استدعا کی تھی کہ مجھے علاج کے لیے بیرونِ ملک جانے کی اجازت دی جائے کیونکہ مجھے اس کی سخت ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹر عاصم حسین کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت

احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے رہنما کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں بیرونِ ملک جانے کی اجازت دے دی تھی۔

عدالت کی ہدایت کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین 2 اکتوبر سے 30 اکتوبر تک بیرونِ ملک اپنا علاج کرواسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ سماعت کے دوران عدالت کی جانب سے سرجن سے ڈاکٹر عاصم حسین کی میڈیکل رپورٹ طلب کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ رینجرز نے ڈاکٹر عاصم حسین کو اگست 2015 میں گرفتار کیا تھا اور دہشت گردی سے متعلق جرائم میں مبینہ کردار کے باعث انہیں 90 روز تک حراست میں رکھا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر عاصم حسین، سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین تعینات

اسی دوران ڈاکٹر عاصم حسین کو نومبر 2015 میں پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا اور رینجرز کی مدعیت میں ان کے خلاف کرپشن، دہشت گردوں کی مالی معاونت اور ان کے علاج کے الزامات پر کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں انسداد دہشت گردی دفعات بھی شامل کی گئی تھیں۔

رینجرز کا ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد نیب نے 479 ارب روپے کی کرپشن کے مختلف الزامات کے تحت ڈاکٹر عاصم حسین کو حراست میں لیا تھا اور ان کے خلاف احتساب عدالت میں 2 ریفرنسز بھی دائر کیے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت اور احتساب عدالت میں کیسز زیرِ سماعت ہیں لیکن اسی دوران اپنے وہ علاج معالجے کے لیے بیرونِ ملک کے چند دورے کر چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں