ریپ الزامات کے بعد رونالڈو کے اربوں روپے کے معاہدے خطرے میں

اپ ڈیٹ 09 اکتوبر 2018
کرسٹیانو رونالڈو پر 9 سال قبل ریپ کا مقدمہ دائر کیا گیا—فائل فوٹو: گول ڈاٹ کام
کرسٹیانو رونالڈو پر 9 سال قبل ریپ کا مقدمہ دائر کیا گیا—فائل فوٹو: گول ڈاٹ کام

امریکا کی سابق ماڈل اور ٹیچرکیھرین مایورگا کی جانب سے پرتگال کے شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو پر ‘ریپ’ الزامات لگائے جانے کے بعد فٹ بالر کے اربوں روپے کے کاروباری معاہدے خطرے میں پڑ گئے ہیں۔

33 سالہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو سے اربوں روپے کے اشتہاراتی معاہدے کرنے والی عالمی اسپورٹس کمپنیوں ‘نائیکی’ اور ‘ای اے اسپورٹس’ نے ان پر ریپ الزامات لگائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ ماہ ستمبر میں امریکی ماڈل کیتھرین مایورگا نے کرسٹیانو رونالڈو پر 2009 میں ریپ کا الزام عائد کرتے ہوئے امریکی ریاست نیواڈا کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں ایک 32 صفحے کی شکایت داخل کراتے ہوئے فٹ بالر پر 2 لاکھ امریکی ڈالر کے ہرجانے کا دعویٰ بھی کیا۔

درخواست میں ماڈل نے دعویٰ کیا کہ فٹ بالر نے انہیں جون 2009 میں اپنے پینٹ ہاؤس پرریپ کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں فٹ بالر نے وکلاء کی مدد سے انہیں پونے 4 لاکھ ڈالر دے کر خاموش رہنے کا کہا۔

عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ ریپ واقعے کے بعد ماڈل ذہنی طور پر پریشان رہیں، یہاں تک کہ انہوں نے متعدد بار خودکشی کرنے کا بھی سوچا۔

درخواست میں فٹ بالر کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا تھا، درخواست دائر ہونے کے بعد لاس اینجلس پولیس نے اعلان کیا کہ وہ کرسٹیانو رونالڈو کے خلاف تحقیقات کا دوبارہ آغاز کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق امریکی ماڈل کا رونالڈو پر ریپ کا الزام

معاملہ دوبارہ سامنے آنے پر کرسٹیانو رونالڈو نے 2 اکتوبر کو ان الزامات کو جھوٹا قرار دیا تھا۔

ریپ الزامات سامنے آنے کے بعد پرتگال نے کرسٹیانو رونالڈو کو اپنی قومی ٹیم سے بھی باہر کردیا تھا۔

تاہم اب کرسٹیانو رونالڈو کے لیے ایک بری خبر سامنے آئی ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ انہیں اربوں روپے کے اشتہاراتی معاہدوں سے ہاتھ دھونا پڑےگا۔

خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق اسپورٹس مصنوعات کی امریکی کمپنی ‘نائیکی’ نے کرسٹیانو رونالڈو پر ریپ الزامات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ معاملے کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

نائیکی کے ترجمان نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اگرچہ فوری طور پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم کمپنی کرسٹیانو رونالڈو پر لگے ریپ الزامات کا بغور جائزہ لے رہی ہے اور معاملے کی کڑی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب اسپورٹس ویڈیو گیمنگ کمپنی ‘ای اے اسپورٹس’ کے ترجمان نے بھی کرسٹیانو رونالڈو پر لگے الزامات پر تشویش کا اظہار کیا۔

ای اے اسپورٹس کمپنی کےمطابق اس میں کوئی شک نہیں کہ کرسٹیانو رونالڈو فیفا گیمنگ کے سپر اسٹار ہیں، تاہم ان پر لگائے گئے ریپ الزامات پر کمپنی کو تشویش ہے۔

کمپنی کے مطابق وہ بھی معاملے کی مانیٹرنگ کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں: ریپ الزامات کے بعد رونالڈو پرتگال کے فٹبال اسکواڈ سے باہر

خبر رساں ادارے نے فوبز میگزین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کرسٹیانو رونالڈو دنیا کے ان 3 اسپورٹس اسٹارز میں شامل ہیں، جن کے ساتھ نائیکی نے ‘لائف ٹائم ڈیل’ کر رکھی ہے۔

بی بی سی کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو اور نائیکی کے درمیان ایک ارب ڈالر (پاکستانی ایک کھرب روپے سے زائد) کا معاہدہ ہے، جو اب کھٹائی میں پڑ چکا ہے۔

اگرچہ کمپنیوں نے فوری طور پر یہ معاہدے منسوخ کرنے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اگر معاملہ درست انداز میں حل نہ ہوسکا تو رونالڈو کو ان معاہدوں سے بھی ہاتھ دھونا پڑے گا۔

دوسری جانب حیران کن طور پر ریپ الزامات سامنے آنے کے باوجود اٹالین لیگ کے فٹ بال کلب ‘یوونٹس’ نے کرسٹیانو رونالڈو کی حمایت کی ہے۔

کرسٹیانو رونالڈو اس وقت اسی کلب کے ساتھ اٹالین لیگ میں کھیل رہے ہیں اور کمپنی نے اپنے اسٹار کے حق میں ٹوئیٹ بھی کی اور کہا کہ حالیہ مہینوں میں انہوں نے انتہائی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا مظاہرہ کیا۔

خیال رہے کہ اسی ریپ کیس میں کرسٹیانو رونالڈو کے خلاف 9 سال قبل 2009 میں بھی تفتیش کی گئی تھی، تاہم بعد ازاں اس مقدمے کو بند کردیا گیا تھا۔

لیکن اب متاثرہ ماڈل کی جانب سے دوبارہ درخواست دیے جانے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو کے خلاف دوبارہ تحقیق شروع کیے جانےکا امکان ہے۔

اگر ان کے خلاف ریپ الزامات ثابت ہوگئے تو انہیں جرمانے اور قید سمیت دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

ان پر ‘ریپ’ الزام لگانے والی کیتھرین مایورگا نے کچھ وقت ماڈلنگ کرنے سمیت بطور استاد بھی اپنا کیریئر جاری رکھا۔

ڈیلی میل کے مطابق کیتھرین مایورگا ماڈلنگ سمیت اسکول ٹیچر بھی رہیں، تاہم اب انہوں نے دونوں شعبوں کو خیرباد کہ دیا ہے۔

عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں کیتھرین مایورگا کو ایک متوسط طبقے کی خاتون کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے، جس کے والد فائر فائیٹر ہیں۔

کیتھرین مایورگا نے کرسٹیانو رونالڈو پر جب ریپ کا الزام عائد کیا تھا، ان دنوں وہ ایک نائیٹ کلب کے ساتھ کام کرتی تھیں۔

کیتھرین مایورگا نائیٹ کلب کے ساتھ بھی کام کرچکی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
کیتھرین مایورگا نائیٹ کلب کے ساتھ بھی کام کرچکی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں