نیویارک: امریکی ریاست نیویارک میں لیموزین گاڑی کے بدترین حادثے میں 20 افراد ہلاک ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیویارک میں اسکوہیری کے مقام پر لیموزین گاڑی بے قابو ہو کر اسٹور کے باہر راہ گیروں پر چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار تمام افراد اور 2 راہ گیر ہلاک ہوئے۔

پولیس کے مطابق نیویارک کے شہر البینے میں اسکوہیری کاؤنٹی میں 2 گاڑیوں میں ٹکراؤ ہوا، جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں۔

البینے ٹائمز یونین نے پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک ایس یو وی اسٹائل کی لیموزین بے قابو ہوئی اور اس نے اپل بیرل کنٹری اسٹور اینڈ کیفے کے باہر موجود راہگیروں کو کچل دیا۔

ایپل بیرل اسٹور کے منیجر جیسیکا کربی کا کہنا تھا کہ پہاڑی سے آتی ہوئی لیموزین گاڑی کی ٹکر سے پارکنگ میں کھڑے متعدد لوگ ہلاک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ’لیموزین کی رفتار 60 میل فی گھنٹہ کے قریب ہوگی اور میں اس واقعے کو بیان نہیں کرسکتی کیونکہ یہ ایسی چیز نہیں تھی جس کے بارے میں میں سوچوں۔'

مزید پڑھیں: امریکا میں ٹرین حادثہ،3 ہلاک،100 سے زائد زخمی

اس بارے میں امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے رپورٹ کیا کہ سالگرہ پارٹی کے لیے جانے والے مختلف جوڑوں پر مشتمل لیموزین بے قابو ہوگئی اور چوراہے پر کھڑی گاڑی سے ٹکرا گئی۔

رپورٹ میں انتظامیہ اور مرنے والوں کے اہل خانہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ حادثہ تقریبا ایک صدی کا سب سے خوفناک ٹریفک حادثہ تھا۔

نیویارک اسٹیٹ پولیس کے فرسٹ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کرس فیوری کا کہنا تھا کہ لیموزین کے ڈارئیور سمیت گاڑی مین سوار تمام 18 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ پارک گاڑی کے قریب 2 راہ گیر بھی ہلاک ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ متاثرہ افراد کے اہل خانہ کو حادثے کے بارے میں آگاہ کر رہی ہے تاہم ابھی ہلاک افراد کے نام جاری نہیں کیے گئے۔

اس حوالے سے ایک خاتون ویلری ابیلنگ نے سی این این کو بتایا کہ حادثے میں ان کی بھانجی ایرن ورٹوکی اور ان کے شوہر شین میگ گیان بھی ہلاک ہوئے، جن کی جون میں ہی شادی ہوئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ 'یہ ایک خوفناک حادثہ تھا اور ہم جو محسوس کر رہے ہیں اسے بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک گروپ ایرن ورٹوکی شین میگ کے دوست کی 30 ویں سالگرہ کو منانے کے لیے جارہا تھا، تاہم وہ حادثے کا شکار ہوگیا، جس میں وہ دوست، اس کی بیویاں اور 3 بہنیں بھی ہلاک ہوگئیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا میں گرم ہوا کے غبارے کو حادثہ، 16 افراد ہلاک

ویلری ابیلنگ نے بتایا کہ’ یہ نوجوان جوڑے تھے اور ان کی ابھی شادی ہوئی تھی اور ان لوگوں نے اپنی پوری زندگی ساتھ گزارنی تھی‘

واقعے کے حوالے سے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ’ہماری دعائیں اس خطرناک حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے ساتھ ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ جائے حادثہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں انتظامیہ اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ لیموزین کس سمت سے آرہی تھی جبکہ عینی شاہدین سے بھی اس بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہے۔

کرس فیوری کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر یہ معلوم ہوا ہے کہ لیموزین کی رفتار 50 میل فی گھنٹہ تھی، تاہم اس بارے میں ابھی کوئی جواب نہیں دے سکتے کہ آیا لیموزین میں سوار افراد نے سیٹ بیلٹ پہنا ہوا تھا یا گاڑی کی رفتار تیز تھی یا بریک فیل ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں