قوم تھوڑا مشکل وقت برداشت کرلے، آگے بہت اجالا ہے،علی زیدی

اپ ڈیٹ 09 اکتوبر 2018
فوٹو: بشکریہ علی زیدی ٹوئٹر
فوٹو: بشکریہ علی زیدی ٹوئٹر

کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے ڈالر کی قیمت میں اضافے پر کہا ہے کہ سنا ہے ڈالر 140 روپے تک جا رہا ہے، یہ تھوڑا مشکل وقت ہے قوم اسے برداشت کرلے، آگے بہت اجالا ہے۔

شہر قائد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ مشکل پڑے گی،تو سب کو پڑ رہی ہے، ہمیں بھی مشکل ہورہی ہے اور ہماری تنخواہ بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے لیے تھوڑا مشکل وقت ہے، اسے برداشت کرلیں کیونکہ آگے بہت اجالا ہے۔

اس موقع پر ڈالر کی قیمت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ’ سنا ہے ڈالر 140 تک جارہا ہے‘۔

مزید پڑھیں: ملکی تاریخ میں ڈالر پہلی بار 136 روپے تک پہنچ گیا

خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے بیل آؤٹ پیکیج لینے کے فیصلے کے بعد ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا تھا اور انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 136 روپے تک جا پہنچا تھا۔

انٹربینک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی روپے کی قدر میں یکدم کمی دیکھنے میں آئی تھی اور ڈالر کی قیمت 11 روپے 70 پیسے اضافے کے ساتھ تاریخ کی بلند ترین سطح 136 روپے تک جا پہنچی تھی۔

ایک روز قبل مارکیٹ کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 124 روپے 30 پیسے تھی جو منگل کو اچانک بڑھ گئی تھی اور ٹریڈنگ کے دوران قیمت 136روپے سے تجاوز کرتے ہوئے بھی دیکھی گئی تھی، تاہم بعد ازاں اس میں کچھ کمی آئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں