ووٹ کی منتقلی کیلئے آخری تاریخ 31 دسمبر مقرر
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ووٹ کی منتقلی کا طریقہ کار وضع کردیا۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ شہری شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتے پرووٹ منتقل کرا سکتے ہیں تاہم 31 دسمبر 2018 ووٹ کی منتقلی آخری تاریخ ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات: ووٹنگ کیلئے بیرون ملک پاکستانیوں کی رجسٹریشن میں توسیع
ای سی پی کے مطابق الیکشن ایکٹ کے سیکشن 27 کے تحت صرف شناختی کارڈ پر درج پتے پر ہی ووٹ منتقل کرایا جا سکے گا۔
اس ضمن میں بتایا گیا کہ سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ ملازمت کے پتے پر بھی ووٹ کا اندراج کرا سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے لیے فارم نمبر 21 الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ یا رجسٹریشن افسر/ ضلعی الیکشن کمشنر کے دفاتر سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ضمنی انتخابات: قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 37 نشستوں کیلئے 380 امیدوار
ای سی پی نے ہدایت کی کہ درخواست گزار اپنے فارم کے ساتھ اپنے شاختی کارڈ کی کاپی لازمی منسلک کریں اور ہر طرح سے مکمل فارم متعلقہ رجسٹریشن افسر، ضلعی الیکشن کمشنر کے دفتر میں جمع کرائیں۔
واضح رہے کہ الیکشن رولز 2017 کے مطابق فارم نمبر 21 درخواست گزار بذات خود جمع کرائے گا، بصورت دیگر فارم اختیار نامہ کے ساتھ بذریعہ اپنے والد، والدہ، خاوند، بیوی، بیٹے، دختر بھی جمع کروایا جا سکتا ہے۔
ای سی پی کے مطابق رائے دہندگان اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات جاننے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ‘آئی ووٹنگ کامقصد انتخابات میں دھاندلی، نتائج میں ردوبدل کرانا ہے‘
14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 37 نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 3 سو 80 امیدوار میدان میں اتریں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے جاری کردہ امیدواروں کی حتمی فہرست کے مطابق قومی اسمبلی کی 11 نشستوں کے لیے کُل ایک سو 12 امیدوار جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی 26 نشستوں کے لیے 2 سو 68 امیدوار میدان میں اتریں گے۔