نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کی رجسٹریشن کا آغاز

اپ ڈیٹ 23 اکتوبر 2018
—فوٹو:محمد عاصم/وائٹ اسٹار
—فوٹو:محمد عاصم/وائٹ اسٹار

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے 'نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام' کے لیے رجسٹریشن کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگیا جس میں عوام نے بڑے پیمانے پر شرکت کی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سینٹر کے باہر فارم جمع کروانے کے پہلے روز درخواست گزاروں کی لمبی قطاریں تھیں۔

نادرا کے مطابق فارم کو اگلے دو ماہ کے دوران ہفتہ اور اتوار کو بھی جمع کرایا جاسکتا ہے۔

ملک بھر میں اگلے 5 برسوں کے دوران 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے بڑے ہاؤسنگ منصوبے کا یہ پہلا مرحلہ ہے، ذاتی گھروں کے حصول کے خواہش مند شہریوں کو پہلے مرحلے میں ملک کے 7 اضلاع سکھر، کوئٹہ، گلگت، مظفرآباد، سوات، اسلام آباد اور فیصل آباد میں فارم جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم: ’ایک گھنٹے میں ہزاروں فارم ڈاؤن لوڈ‘

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلیو ایریا میں نادرا کے مرکزی دفتر، ڈپٹی کمشنر آفس جی-11/4 اور تحصیل آفس آئی-10/3 میں اور دیگر اضلاع میں ڈپٹی کمشنر کے دفاتر میں رجسٹریشن فارم جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

درخواست گزار کو فارم کے ساتھ 250 روپے کے علاوہ مکمل معلومات سے بھرپور فارم کی ایک نقل بھی جمع کرانا ہوگی۔

اسکیم سے استفادہ کے لیے ایک خاندان سے صرف ایک فرد درخواست دے سکتا ہے اور پاکستان میں جس کی جائیداد نہیں ہے، اس کو ترجیح دی جائے گی۔

وزیر اعظم ٹاسک فورس کی سفارشات کے مطابق پروگرام کو 21 دسمبر 2018 کے بعد اضلاع کے اعتبار سے وسعت دی جائے گی۔

خیال رہے پروگرام کو عام شہریوں کو گھر فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے جس میں ان خاندانوں کو ترجیح دی جائے گی جن کا اپنا گھر نہیں ہے اور رجسٹریشن کے عمل کا مقصد عوام کی مخصوص ضروریات اور ان کی گنجائش کے حوالے سے گھروں کی طلب کا تعین کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 50 لاکھ گھروں کا منصوبہ: کمیٹی کو 2 ہفتوں میں سفارشات پیش کرنے کی ہدایت

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے بلیو ایریا میں نادرا کے دفتر میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا ہدف اگلے 5 برسوں میں غریب طبقے کو 50 لاکھ گھر فراہم کرنے کو یقینی بنانا ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پروگرام غریبوں کو نہ صرف چھت کے حصول کے خواب کو پورا کرنے میں مددگار ہوگا بلکہ مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں اور 40 تعمیراتی صنعتوں کی شرکت سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ غریب عوام کو ماضی میں ان کے حق سے محروم رکھا گیا لیکن پی ٹی آئی حکومت ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ملک کو ایک کروڑ گھروں کی ضرورت ہے اور سالانہ کم لاگت پر کم ازکم 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کی اشد ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اگلے برسوں کے دوران ملک بھر میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے پروگرام 'نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم' کا باقاعدہ افتتاح 11 اکتوبر کو کیا تھا۔

نادرا نے اپنی ویب سائٹ میں فارم جاری کردیا ہے جہاں تمام تفصیلات بھی درج کردی گئی ہیں، خواہش مند شہری فارم کو نادرا کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرکے 21 دسمبر 2018 تک متعلقہ ہاؤسنگ پروگرام کے دفاتر میں جمع کرا سکتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں