بھارت کے زیر انتظام کشمیر اور آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے بھارتی قبضے کے 71 برس مکمل ہونے پر 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا۔

مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو بھارت مخالف مظاہرے کرنے سے روکنے کے لیے وادی کے تمام بڑے قصبوں اور شہروں میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔

کشمریوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے تھے جبکہ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل کردی گئی تھیں۔

مظفر آباد سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی مظاہرے کیے گئے، اس موقع پر مظاہرین نے مقبوضہ وادی میں بھارتی تسلط کے خلاف نعرے لگائے اور بھارتی پرچم نذر آتش کیے۔

یوم سیاہ کے حوالے سے پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے یوم سیاہ منانے کے حق میں قرارداد جمع کرائی۔

انہوں نے کہا کہ 71برس قبل 27 اکتوبر 1947 سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر جابرانہ قبضہ کر رکھا ہے اور 27 اکتوبر کا دن اقوام متحدہ کو جموں و کشمیر میں استصواب رائے کا وعدہ پورا کرنے کی یاد دلاتا ہے۔

قرار دادا کے متن میں بھارت کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر آزاد کشمیر، مقبوضہ کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے، جلسے اور ریلیاں منعقد کرنے والوں کے جذبے کو سلام پیش کیا گیا۔

پیش کردہ قرارداد میں کشمیریوں کی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

یوم سیاہ کے موقع پر صدر مملکت ڈاکڑ عارف علوی نے کہا کہ 'ہم مقبوضہ کشمیر میں اپنے کشمیری بھائیوں کی قربانیوں کو خراج تحسن پیش کرتے ہیں'۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’کشمیریوں کے لیے سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے‘۔

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم سیاہ فوری طور پر اقوام متحدہ کے کمیشن کی تشکیل کا تقاضہ کرتا ہے تاکہ بھارتی فوجیوں کے غیر انسانی سلوک اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے خلاف بھارتی جارحیت کی تحقیقات کی جا سکیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں غیر معمولی قربانیاں دیں۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کشمیریوں کی جدوجہدپر پاکستانوں کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا.

انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ ہمیشہ جاری نہیں رہے گا، انشاء اللہ کشمیر جلد بھارت سے آزادی لے گا اور ہم ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عمثان بزدار نے کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر پیغام دیا کہ 27 اکتوبر 1947 انسانی تاریخ میں ایک سیاہ دن ہے جس دن بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی داستان رقم کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام پر ظلم و تشدد کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ان کے حق خود ارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں عالمی برادری خاص طور پر انسانی حقوق کے علمبرداروں سے یہ اپیل کرتا ہوں کہ وہ نہ صرف بھارت کو مظلوم کشمیری عوام پر ظلم و بربریت سے اجتناب برتنے بلکہ انہیں حق خود اختیاری دلانے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کر یں‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں