کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 2013 میں تین علما کو قتل کرنے کا جرم ثابت ہونے پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوا یم) کے کارکن کو قمر قید کی سزا سنادی جبکہ تین کارکنان کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا گیا۔

ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے چار ملزمان سید حیدر علی عرف پولیس والا، اصغر عرف کاکا بندا، وجاہت عرف چِکنا اور سید علی حسان زیدی کو مفتی عبدالمجید دین پوری، مفتی محمد صالح اور مولانا حسان علی شاہ کی 31 جنوری 2013 کو ٹارگٹ کلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

سینٹرل جیل میں قائم جوڈیشل کمپلیکس میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے کیس کا ٹرائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو انہوں نے پیر کو سناتے ہوئے تین ملزمان سید حیدر علی، اصغر اور وجاہت کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کرنے کے احکامات دیئے۔

یہ بھی پڑھیں: علما کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم گرفتار

تاہم چوتھے ملزم سید علی حسان زیدی کو قتل اور دہشت گردی کا مجرم پایا گیا جس پر اسے عمر قید کی سزا سنائی گئی۔

پراسیکیوشن کے مطابق مسلح افراد نے علما کی گاڑی پر گولیاں برسا دی تھیں اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔

واقعے کا مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 302، 109 اور 34 جبکہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے سیکشن 7 کے تحت ٹیپو سلطان پولیس اسٹیشن میں درج ہوا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں