پاکستان پوسٹ نے صارفین کو جدید سہولیات فراہم کرتے ہوئے نجی و کاروباری امور کے لیے رقوم منتقل کروانے والے افراد کی آسانی کے پیش نظر الیکٹرانک منی آرڈر سروس کا آغاز کردیا۔

الیکٹرانک منی آرڈر سروس کے ذریعے صارفین 50 ہزار روپے تک کی رقوم ایک جگہ سے دوسری جگہ فوری طور پر منتقل کرسکیں گے۔

پاکستان پوسٹ کی جانب سے الیکٹرانک منی آرڈر کی سروس ملک کے 25 اضلاع میں 93 جنرل پوسٹ آفسز میں متعارف کروائی گئی جسے کچھ عرصے میں دیگر ڈاکخانوں میں بھی متعارف کروایا جائے گا۔

وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے پاکستان پوسٹ الیکٹرانک منی آرڈر کی افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوتے بتایا کہ اس سروس کے ذریعے پاکستان پوسٹ کا نمائندہ 24 گھنٹے کے اندر رقم موصول کرنے والے شخص کے گھر تک پہنچائے گا۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک منی آرڈر سروس سے نہ صرف ادارے کے موجودہ 10 ارب روپے کے خسارے پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ یہ ایک منافع بخش ادارہ بن جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ جدید سہولیات فراہم کرنے کے منصوبے پر عمل کرتے ہوئے شعبے میں ای کامرس اور موبائل منی آرڈر کی راہ پر گامزن ہے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان پوسٹ نے ملک بھر میں 13 ہزار ڈاک خانوں کے نیٹ ورک کے ذریعے لاجسٹک سہولتوں میں بھی اضافہ کیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

Talha Nov 13, 2018 09:05pm
Good.
Rana ghulam mustafa Nov 13, 2018 09:45pm
Well Done, A good step!