راولپنڈی: کور کمانڈر کانفرنس کے شرکا نے ملک میں قیام امن کے لیے ریاستی اداروں سے مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 215ویں کور کمانڈر کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔

کانفرنس کے شرکا نے ملک میں جیو اسٹریٹجک اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔

کور کمانڈر کانفرنس میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز، پاک ۔ افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب، مشرقی سرحد کی صورتحال بالخصوص بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں کے امور زیر غور آئے۔

کانفرنس میں ملک میں پائیدار امن کے لیے پاک فوج کی کوششیں جاری رکھنے اور علاقائی امن کے لیے تمام اقدامات کی حمایت کے عزم کا ا ظہار کیا گیا۔

شرکا نے ملک میں قیام امن کے لیے ریاستی اداروں اور قانون کی حکمرانی کے لیے اپنا مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں