چین میں شدید بارشیں، 295 افراد ہلاک
بیجنگ: چین میں شدید بارشوں اور سولک طوفان کے بعد کم از کم 295 افراد کے ہلاک یا لاپتہ ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔
چینی حکومت نے پیر کے روز بتایا کہ بارشوں اور طوفان کے ساتھ سیلاب، تودے اور عمارتیں گرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔
شہری امور کی وزارت کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ شدید بارشوں نے جنوب مغربی صوبہ سچوان کو 7 جولائی سے بری طرح سے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور 68 ہلاکتیں رونما ہو چکی ہیں اور مزید 179افراد لاپتہ ہیں۔
وزارت کے مطابق مزید 14 ہلاکتیں ملک کے دیگر حصوں میں ہوئی ہیں جبکہ دو افراد لاپتہ ہیں جہاں شدید بارشیں اور پہاڑی تودے گرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ جنوبی صوبہ گوانگ ڈانگ میں سولک طوفان کے چینی ساحلی علاقوں سے ہفتہ کے روز ٹکرانے کے بعد تین افراد ہلاک اور دو لاپتہ ہوگئے۔
سرکاری زینہوا نیوز ایجنسی نے پیر کے روز اطلاع دی کہ گوانگ ژی میں ایک تفریحی مقام کو بند کردیا تھا اور سیلاب سے آٹھ افراد کی ہلاکت کے بعد آٹھ منیجرز کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ حکام طوفان سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں۔
صرف وینزو کے شہر ژی جیانگ میں براہ راست 210 ملین یوان (34 ملین امریکی ڈالر) کا معاشی نقصان ہوا ہے۔