پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے پاکستان حدود میں غیرقانونی طور پر مچھلی کے شکار پر ایک درجن بھارتی ماہی گیروں کو حراست میں لے لیا۔

ترجمان پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق ایجنسی نے کھلے سمندر میں کارروائی کی جہاں مچھلیوں کی غیرقانونی شکار کرنے والے 12 بھارتی مچھیروں کو گرفتار کرکے ان کی دو کشتیوں کو قبضے میں لے لیا۔

گرفتار ماہی گیروں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ڈاکیارڈ پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

مزید پڑھیں:بھارت میں قید ماہی گیروں کی واپسی کیلئے ایگزیکٹو ایکشن کا حکم

خیال رہے کہ پاکستانی اور بھارتی دونوں حکام کی جانب سے سمندر حدود میں مچھلیوں کا شکار کرنے والے مچھیروں کو گرفتار کیا جاتا ہے تاہم پاکستان کی جانب خیرسگالی کے طور کئی ماہی گیروں کو رہا بھی کردیا گیا لیکن بھارت اس کا بھرپور جواب نہیں دیتا۔

رواں سال ستمبر میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ میں بھارت میں قید پاکستانی ماہی گیروں کی واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران وفاقی حکومت کو حکم دیا تھا وہ ان ماہی گیروں کی رہائی کے لیے ایگزیکٹو ایکشن لے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے 68 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کردیا

سماعت میں پاکستان اور بھارت میں قید ماہی گیروں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی جس میں قیدیوں کی واپسی کو ممکن بنانے کے لیے پاکستان بھارت جوڈیشل کمیٹی کی سفارشات بھی شامل تھیں۔

عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق بھارتی جیلوں می 3 سو 57 پاکستانی قید ہیں، جن میں ایک سو 8 ماہی گیر اور 2 سو 94 دیگر پاکستانی شہری شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستانی جیلوں میں 4 سو 45 بھارتی شہری قید ہیں، جن میں 53 ماہی گیر اور 3 سو 92 دیگر بھارتی ہیں جنہیں مختلف دفعات کے تحت پاکستانی حکام نے گرفتار کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں