کرینہ کپور کے بیٹے کی مقبولیت والد اور ماں سے بھی زیادہ

20 نومبر 2018
تیمور کا ڈال فروخت کے لیے پیش کردیا گیا—فوٹو: ٹائمز ناؤ
تیمور کا ڈال فروخت کے لیے پیش کردیا گیا—فوٹو: ٹائمز ناؤ

بولی وڈ کے چھوٹے خان سیف علی خان اگرچہ خود اتنا زیادہ خبروں میں نہیں رہتے، تاہم ان کے 2 سال بیٹے تیمور علی خان ہر وقت خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں۔

بات صرف تیمور علی خان کی خبروں میں رہنے تک محدود نہیں بلکہ اب تو یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ اس چھوٹے بچے کی تصاویر بولی وڈ کے کئی بڑے اداکاروں سے بھی زیادہ مہنگی بکتی ہیں۔

گزشتہ دنوں کافی ود کرن میں بات کرتے ہوئے سیف علی خان نے انکشاف کیا کہ انہیں رپورٹرز نے بتایا کہ تیمور کی تصاویر امیتابھ، شاہ رخ اور عامر جیسے اداکاروں سے بھی زیادہ پیسوں میں فروخت ہوتی ہیں

یہی نہیں بلکہ اس سے قبل چند ہفتے پہلے یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ تیمور علی خان کا خیال رکھنے والی آیا کی تنخواہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی کہیں زیادہ ہے۔

لیکن اب تیمور علی خان کے حوالے سے ایک اور خبر سامنے آئی ہے، جس پر سیف علی خان نے اگرچہ ناراضگی کا اظہار نہیں کیا، تاہم بطور ایک والد انہیں اپنے بچے کی فکر لاحق ہوگئی۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق تیمور علی خان کی شہرت عام معاملات سے آگے نکل کر ان کے ڈال بنانے تک پہنچ گئی اور ریاست کیرالہ کے دکانوں میں تیمور علی خان کی ڈال فروخت ہونے لگی۔

یہ خبر اس وقت سامنے آئی جب کہ فلم پروڈیوسر اشورنی یاردی نے تیمور علی خان کے ڈال کی تصویر ٹوئیٹ کی۔

انہوں نے اپنی مختصر ٹوئیٹ میں تیمور علی خان کی ڈال کی تصویر دیتے ہوئے بتایا کہ یہ کیرالہ کے ایک اسٹور پر دستیاب ہے۔ اس تصویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: نہیں چاہتی تیمور کو اسٹار کِڈ سمجھا جائے، کرینہ کپور

تیمور علی خان کے ڈال کی تصویر سامنے آنے کے بعد ہندوستان ٹائمز نے سیف علی خان سے مؤقف جانا جس پر اداکار نے کوئی ناراضگی نہیں دکھائی۔

سیف اور کرینہ نے 2012 میں شادی کی، تیمور 2016 میں پیدا ہوئے—فائل فوٹو: دکن کیرونیکل
سیف اور کرینہ نے 2012 میں شادی کی، تیمور 2016 میں پیدا ہوئے—فائل فوٹو: دکن کیرونیکل

اخبار سے بات کرتے ہوئے سیف علی خان نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ اب وہ اپنے بیٹے کا نام ٹریڈ مارک میں شامل کریں، تاکہ ان کے نام کو استعمال کرکے کوئی فائدہ حاصل نہ کر سکے۔

ساتھ ہی اداکار نے کہا کہ تیمور علی خان کی ڈال بنانے والوں کو کم سے کم ایک ڈال ان کے پاس بھجوانی چاہیے۔

ساتھ ہی سیف علی خان نے کہا کہ اچھا ہے کہ اگر ان کے بیٹے کا نام اور شکل و صورت کسی کو کوئی فائدہ دے رہی ہے، تاہم وہ اس کے بدلے اللہ تعالی سے صرف اپنے بیٹے کی سلامتی اور خیریت چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: تیمور کا خیال رکھنے والی آیا کی تنخواہ بھارتی وزیراعظم سے زیادہ

یہ پہلا موقع ہے کہ تیمور علی خان کی ڈال کو مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔

اس سے قبل بھارتی میڈیا میں آئے دن تیمور علی خان کی خبریں اور تصاویر شائع ہوتی رہتی ہیں، جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کی مقبولیت والدہ کرینہ کپور اور والد سیف علی خان سے کہیں زیادہ ہے۔

سیف نے بیٹے کا نام ٹریڈ مارک کرنے کا عندیہ بھی دیا—فوٹو: ٹوئٹر
سیف نے بیٹے کا نام ٹریڈ مارک کرنے کا عندیہ بھی دیا—فوٹو: ٹوئٹر

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں