دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک کے 549ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے ہزاروں سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت سے آنے والے تقریباً ساڑھے 3 ہزار سکھ یاتریوں کا استقبال کیا۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ 'پاکستان ایک ترقی پسند اور اعتدال پسند ریاست ہے جہاں ہم فخر سے اسلامی تعلیمات پر عمل کرتے ہیں، جس نے انسانی حقوق کا منشور وجود میں آنے سے بہت پہلے مذاہب کا احترام کرنا سکھایا ہے۔'

بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات 30 نومبر تک جاری رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: سکھ یاتریوں نے بھارتی ہائی کمشنر کو گردوارہ میں داخلے سے روک دیا

واضح رہے کہ ہر سال دنیا بھر سے سکھ یاتری، بابا گرونانک کا جنم دن منانے کے لیے پاکستان آتے ہیں اور حسن ابدال میں گردوارہ پنجہ صاحب میں جمع ہوتے ہیں۔

بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات ایک ہفتے سے زائد تک جاری رہتی ہیں جس دوران گردوارہ میں مذہبی رسومات ادا کی جاتی ہیں اور مذہب سے بالاتر ہوکر مٹھائیاں تقسیم کی جاتی ہیں اور لنگر کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں