سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے کرتارپور سرحد کھولنے کے اعلان پر انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرحد کی افتتاحی تقریب میں مدعو کیا گیا تو وہ ایک ٹانگ پر چل کر بھی آئیں گے۔

اپنے بیان میں نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ وہ کرتارپور سرحد کھولنے کے فیصلے پر پاکستان اور بھارت کی حکومتوں کے شکر گزار ہیں، جبکہ سرحد کھلنے کے فیصلے سے انہیں دونوں ممالک میں بہت عزت ملی۔

انہوں نے سرحد کھولنے کا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان کو دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں افتتاحی تقریب میں بلایا گیا تو وہ ایک ٹانگ پر چل کر بھی اس میں شرکت کریں گے۔

قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ وہ کرتار پور بارڈر پر مثبت اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں، جبکہ عمران خان کا اقدام انسانیت کی عظیم خدمت ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے پاکستان کی جانب سے کرتارپور کی سرحد کھولنے کی پیشکش کو قبول کر لیا تھا اور بھارتی کابینہ نے سرحد کھولنے سے متعلق منظوری دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: وہ بابا گرونانک کے کرشمے کے منتظر ہیں

ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ بھارت کی وفاقی کابینہ نے پاکستانی تجویز کی توثیق کردی۔

کرتارپور کی سرحد سے متعلق بھارتی حکومت کی توثیق کو فواد چوہدری نے دونوں ممالک کے درمیان امن قائم کرنے کی کوششوں میں جیت قرار دیا۔

بھارتی وزارتِ خارجہ نے بھی نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو خط لکھا اور کرتار پور کوریڈور کو کھولنے سے متعلق حکومتِ پاکستان کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔

خط میں کہا گیا کہ بھارتی حکومت ضلع گرداس پور میں ڈیرہ بابا نانک صاحب سے لے کر بین الاقوامی سرحد تک ’کرتار پور کوریڈور‘ قائم کرے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں