افغانستان میں برطانوی سیکیورٹی کمپنی پر خودکش حملہ، 10 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 29 نومبر 2018
طالبان کے حملے میں زخمی ہونے والے شخص کو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کیا جا رہی ہے— فوٹو: اے ایف پی
طالبان کے حملے میں زخمی ہونے والے شخص کو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کیا جا رہی ہے— فوٹو: اے ایف پی

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان کے خودکش حملے میں 10 افراد ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہو گئے۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے بتایا کہ طالبان شدت پسندوں نے کابل کے مشرقی علاقے میں واقع برطانوی سیکیورٹی کمپنی پر حملہ کیا۔

انہوں نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے بعد دیگر شدت پسندوں کی سیکیورٹی فورسز سے جھڑپ شروع ہو گئی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ طالبان نے حملے کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔

کابل پولیس کے سربراہ بشیر مجاہد نے بتایا کہ حملے کا ہدف جی فور ایس (G4S) نامی سیکیورٹی کمپنی تھی جو افغان سیکیورٹی فورسز کو تربیت فراہم کرتی ہے، جبکہ ساتھ ساتھ کابل میں واقع برطانوی دفتر خارجہ کو بھی سیکیورٹی فراہم کرتی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں جبکہ دھماکے کے نتیجے میں رہائشی علاقے میں واقع گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔

جی فور ایس نے اپنی ٹوئٹ میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے تنصیبات میں سے ایک پر حملہ ہوا ہے اور ہم صورتحال کے بارے میں جاننے کے لیے افغان حکام سے رابطہ کر رہے ہیں۔

ہلمند میں طالبان سمیت 45 افراد ہلاک

دوسری جانب افغانستان کے صوبے ہلمند میں سیکیورٹی فورسز کے فضائی حملے میں طالبان کے 15 جنگجوؤں سمیت 45 افراد ہلاک ہو گئے۔

افغان صوبائی کونسل کے کے سربراہ عطااللہ افغان نے بتایا کہ منگل کی رات فوجی آپریشن کے دوران فضائی حملے کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئی جس میں خواتین اور مردوں سمیت بچوں کی بڑی تعداد بھی ماری گئی۔

ہلمند کے گورنر ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حملے میں 16طالبان مارے گئے جبکہ شہری ہلاکتوں کی تعداد معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں نے علاقے میں اسلحہ ذخیرہ کیا ہوا تھا اور ممکنہ طور پر اسی وجہ سے فضائی حملے میں شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔

تبصرے (0) بند ہیں