دپیکا اور پریانکا کے بعد راکھی ساونت کا بھی شادی کا اعلان

30 نومبر 2018
راکھی ساونت کامیڈین دیپک کلال سے شادی کریں گی—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
راکھی ساونت کامیڈین دیپک کلال سے شادی کریں گی—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

بولی وڈ میں رواں برس کئی شادیاں ہوئیں، جن میں ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون کی شادی اب تک سب سے زیادہ خاص رہی۔

اطلاعات ہیں کہ جلد ہی پگی چوپس یعنی پریانکا چوپڑا بھی شادی کے بندھن میں بندھنے والی ہیں، بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی شادی کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ کل سے پریانکا چوپڑا کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگا، تاہم اس حوالے سے جوڑے نے کوئی تصدیق نہیں کی۔

دپیکا اور پریانکا سے قبل رواں برس مئی میں اداکارہ سونم کپور نے بھی شادی کی تھی، جس کے بھی کئی دن تک بھارتی میڈیا میں چرچے رہے۔

رواں برس اداکارہ نیہا دھوپیا نے بھی اچانک شادی کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

دپیکا، پریانکا، سونم اور نیہا کے بعد اب بولی وڈ کی اسکینڈل کوئین کہلائی جانے والی اداکارہ راکھی ساونت نے بھی شادی کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا۔

اداکارہ کے اعلان کے بعد ان کے فوٹو شوٹ کی تصاویر بھی سامنے آنے لگیں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے اعلان کے بعد ان کے فوٹو شوٹ کی تصاویر بھی سامنے آنے لگیں—فوٹو: انسٹاگرام

راکھی ساونت نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مداحوں اور شوبز انڈسٹری کے افراد کو شادی کی دعوت دیتے ہوئے سب کو حیران کردیا۔

ان کی جانب سے شیئر کیے گئے شادی کے دعوت نامے میں ان کی شادی کی جگہ امریکی شہر لاس اینجلس بتایا گیا۔

دعوت نامے کے مطابق راکھی ساونت کی شادی کامیڈین اداکار دیپک کلال سے آئندہ ماہ 31 دسمبر کو ہوگی۔

راکھی ساونت کی جانب سے شادی کے دعوت نامے کو شیئر کیے جانے کے بعد لوگوں نے اس مذاق اور جھوٹ قرار دیا اور کہا کہ اداکارہ لوگوں کو بے وقوف بنا رہی ہیں۔

تاہم بعد ازاں راکھی ساونت نے اپنی شادی کی تصدیق بھی کی۔

ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ راکھی ساونت کی جانب سے شادی کا کارڈ شیئر کیے جانے کے بعد ان سے اس کی تصدیق کے لیے رابطہ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق راکھی ساونت نے شادی کی تصدیق کی اور کہا کہ وہ رواں سال کے آخری دن پر امریکی شہر لاس اینجلس میں دیپک کلال سے شادی کرنے جا رہی ہیں۔

راکھی ساونت نے مزید کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ یہ وقت شادی کے لیے اہم ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کی شادی میں بولی وڈ کی تمام شخصیات شامل ہوں، تاہم کون ان کی شادی کی تقریبات میں شامل ہوگا یہ واضح نہیں ہے۔

ساتھ ہی راکھی ساونت نے تصدیق کی کہ ان کی شادی کی تقریبات میں شاہ رخ خان، کرن جوہر اور کالی شرکت کریں گے، کیوں کہ انہوں نے اداکارہ کو شادی میں شرکت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں