سارہ علی خان کی پہلی فلم پر بھارت میں جزوی پابندی

08 دسمبر 2018
فلم میں ہندو لڑکی اور مسلمان لڑکے کی محبت کو دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ
فلم میں ہندو لڑکی اور مسلمان لڑکے کی محبت کو دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ

فلموں کے شائقین کا انتظار ختم ہوا اور بولی وڈ کے چھوٹے خان سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کی پہلی فلم ’کیدر ناتھ‘ کو بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کردیا گیا تھا۔

تاہم سارہ علی خان کی پہلی فلم کو بھارت میں جزوی پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

ساتھ ہی فلم نے ریلیز کے پہلے دن کوئی خاص کمائی نہیں کی، لیکن شائقین کو امید ہے کہ فلم اچھی کمائی کرنے میں کامیاب جائے گی۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہندو لڑکی اور مسلمان لڑکے کے درمیان ہونے والی محبت کی کہانی پر مبنی فلم کو ریاست اترا کھنڈ میں ریلیز نہیں کیا گیا۔

فلم میں سارہ علی خان نے ہندو لڑکی کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ
فلم میں سارہ علی خان نے ہندو لڑکی کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ

رپورٹ کے مطابق اگرچہ ہائی کورٹ نے ’کیدر ناتھ‘ کو ہندوستان بھر میں ریلیز کرنے کا حکم بھی دیا تھا، تاہم اتراکھنڈ کی حکومت نے ممکنہ بدامنی کے پیش نظر فلم پر پابندی عائد کردی۔

اس فلم پر پہلے ہی کچھ انتہا پسند ہندوؤں نے پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے عدالت میں درخواست دائر کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ فلم میں ہندو مذہبی عبادات کے لیے آنے والی ایک نوجوان لڑکی کو نوجوان مسلمان لڑکے سے محبت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس سے ہندوؤں کے جذبات مجروح ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: ہندو لڑکی کی مسلمان لڑکے سے محبت دکھانے پر انتہا پسندوں کا فلم پر پابندی کا مطالبہ

درخواست میں فلم پر لو جہاد پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے اس پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم عدالت نے درخواست مسترد کردی تھی۔

سشانت سنگھ راجپوت نے مسلمان کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ
سشانت سنگھ راجپوت نے مسلمان کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق عدالتی حکم کے باوجود اتراکھنڈ کی ریاستی حکومت نے ’کیدر ناتھ‘ پر پابندی عائد کردی، کیوں کہ فلم کی کہانی اسی ریاست کے مذہبی مقام کیدر ناتھ کی یاترا پر جانے والی ہندو لڑکی اور اس کے گائیڈڈ مسلمان لڑکے کے درمیان ہونے والی محبت کے گرد گھومتی ہے۔

علاوہ ازیں فلم میں 2013 میں اترا کھنڈ میں آنے والے سیلاب کو بھی دکھایا گیا ہے۔

فلم پر پابندی عائد کیے جانے کا مطالبہ کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
فلم پر پابندی عائد کیے جانے کا مطالبہ کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

دوسری جانب ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سارہ علی خان اور سشانت سنگھ راجپوت کی رومانوی فلم نے ریلیز کے پہلے دن کوئی خاص کمائی نہیں کی۔

رپورٹ کے مطابق ’کیدر ناتھ‘ نے ریلیز کے پہلے دن محض 7 کروڑ روپے ہی بٹورے، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم اچھی کمائی کرنے میں کامیاب جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں