ہر کوئی عمران خان جیسی بلندیاں نہیں چھو سکتا، بنگلہ دیشی کپتان

15 دسمبر 2018
مشرفی مرتضیٰ بنگلہ دیشی ون ڈے ٹیم کے کپتان ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
مشرفی مرتضیٰ بنگلہ دیشی ون ڈے ٹیم کے کپتان ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

ڈھاکا: حال ہی میں سیاست میں قدم رکھنے کا اعلان کرنے والے بنگلہ دیشی فاسٹ باؤلر مشرفی مرتضیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ وزیر اعظم عمران خان جیسے نہیں ہیں کیونکہ ہر کوئی ان جیسی بلندی نہیں چھو سکتا ہے۔

مشرفی مرتضیٰ 30دسمبر کو حکمران جماعت عوامی مسلم لیگ کی جانب سے الیکشن لڑنے جارہے ہیں اور انہوں نے کہا کہ وہ سیاست میں قدم رکھنے کے بعد کھیلوں اور فلاحی کاموں کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔

ایک انٹرویو کے دوران مشرفی مرتضی نے کہا ہے کہ ایمانداری کی بات ہے کہ ہر کوئی محنت کرنے کے باوجود ہمیشہ وہ مقام حاصل نہیں کرسکتا ہے جو عمران خان نے حاصل کر لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری خواہشات محدود ہیں اور اگر وہ انتخابات جیتنے میں کامیاب رہتے ہیں تو وہ ایک کھلاڑی ہونے کے ناطے کھیلوں کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں اور وہ اپنے ریجن کے لیے کچھ اچھا کرنے کی کوشش کریں گے۔

مشرفی مرتضی نارائل کے جنوب مغربی ضلع سے تعلق رکھتے ہیں جہاں ان کی چیریٹی آرگناگزیشن نارائل ایکسپریس نے ہسپتالوں کو ایمبو لینسز فراہم کرنے کے ساتھ کاشتکاروں میں چاول کے بیچ بھی بانٹے ہیں۔

کرکٹرز خصوصاً جنوبی ایشیا کے کھلاڑیوں کا سیاست میں قدم رکھنا کوئی نئی بات نہیں ہے بلکہ عمران خان کے ساتھ ساتھ بھارت کے نوجوت سنگھ سدھو، سری لنکا کے سابق کپتان ارجنا راناٹنگا اور سنتھ جو سوریا بھی اپنے ملک میں سیاست کر چکے ہیں۔

مشرفی مرتضی اب بھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور بنگلہ دیشی ون ڈے ٹیم کے کپتانی کرہے ہیں جبکہ انہوں نے اگلے سال ورلڈ کپ کھیلنے کا عندیہ بھی دے رکھا ہے۔

انہوں نے2009 سے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا اور ٹی20 فارمیٹ سے بھی ریٹائر ہوچکے ہیں۔

مشرفی مرتضی کیریئر میں انجری مسائل سے دوچار رہے اور گھٹنے کے سات آپریشنز کروا چکے ہیں جبکہ ان کی قیادت میں بنگلہ دیش نے ورلڈ کپ 2015کے کوارٹر فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں