سعودی ولی عہد محمد بن سلمان فروری میں پاکستان کا دورہ کریں گے

اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2018
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان — فائل فوٹو/اے پی
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان — فائل فوٹو/اے پی

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زاید بن سلطان النہیان آئندہ سال کے اوائل میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے ولی عہد باالترتیب اگلے ماہ اور فروری میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔

کابینہ کا اجلاس

فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ کے اجلاس میں صنعت، فنانس اور ایوی ایشن سمیت کئی شعبوں کے معاملات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی عرب کے پاکستان کے لیے سرمایہ کاری پیکج کے حوالے سے انہوں نے دعویٰ کیا کہ 'یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوگی جس کی مفاہمتی یادداشت کا مسودہ ایک ہفتے میں تیار کرلیا جائے گا۔'

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سعودی عرب کی بھاری سرمایہ کاری کا امکان

واضح رہے کہ صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد حال ہی میں جب کئی ممالک اور تجارتی وفود نے سعودی عرب میں سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا تھا، وزیر اعظم عمران خان نے ایونٹ میں شرکت کی تھی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں منصوبوں میں پیسہ لگانے کی دعوت دی تھی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم، مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال سے متعلق آج اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وزرا کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے غیر ملکی دوروں کو محدود کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

ravinder kumar raina Dec 20, 2018 07:39pm
Excellent coverage ; God bless , rkr .