کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق رہنما سید علی رضا عابدی کے قتل پر وزیراعظم عمران خان سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں کی جانب سے اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سید علی رضا عابدی کی قتل پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے سابق رکن واسع جلیل نے علی رضا عابدی کی موت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ’ان کا بہترین دوست اور شاندار انسان‘ چل بسا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے سید علی رضا عابدی کی موت کو ’غیر معمولی نقصان‘ قرار دیا اور کہا کہ ’سیاست میں تشدد ناقابل معافی جرم ہے‘۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے ایم کیو ایم کے سابق رہنما کو ’روشن خیال‘ قرار دیا اور کہا کہ ’کوئی شخص اتنا ظالم کیسے ہو سکتا ہے کہ وہ نوجوان اور سچے رہنما‘ کی جان لے لے۔

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی رہنما بشریٰ گوہر نے علی رضا عابدی کی موت کو ’غیرمعمولی نقصان‘ قرار دیا اور کہا کہ ’مرحوم پاکستان کا سب سے ذی شعور سیاستدان تھا‘۔

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد نے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قاتلوں کی گرفتاری یقینی بنائی جائے گی۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی نے ٹوئٹ کیا کہ ’اللہ مرحوم کے اہلخانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے‘

تبصرے (0) بند ہیں