نیویارک: بروکلین کی مصروف شاہراہ کا ایک حصہ قائد اعظم کے نام سے منسوب

29 دسمبر 2018
کونی آئی لینڈ ایونیو—فوٹو بشکریہ ویکیپیڈیا
کونی آئی لینڈ ایونیو—فوٹو بشکریہ ویکیپیڈیا

امریکی شہر نیویارک کے معروف قصبے بروکلین میں ایک مصروف ترین شاہراہ کا ایک حصہ بانی پاکستان محمد علی جناح کی عظمت کا اعتراف کرتےہوئے ان کے نام سے منسوب کردیا گیا۔

25 دسمبر کو قائد اعظم کی سالگرہ کے موقع پر نیویارک کی شہری کونسل میں ایک قرار داد منظور کی گئی جس کے تحت کونسل نے ’کونی آئی لینڈ ایونیو‘ کا ایک حصے کا نام ’محمد علی جناح وے‘ رکھنے کی منظوری دی، واضح رہے کہ اس علاقے میں پاکستانی نژاد امریکیوں کی کثیر تعداد رہائش پذیر ہے۔

نیو یارک کی شہری کونسل کے اجلاس میں مذکورہ قرارداد کونسل کے رکن ’جمانے ولیمز‘ نے پیش کی جسے دیگر اراکین نے بھاری اکثریت سے منظور کرلیا۔

اس موقع پر پاکستانی امیریکن یوتھ آرگنائزیشن (پایو) کے صدر وکیل احمد کا کہنا تھا کہ ’ہمیں کونسل کے فیصلے سے بہت خوشی ہوئی ہے جس سے ہماری دیرینہ مطالبہ پورا ہوا‘۔

ان کامزید کہنا تھا کہ یہ نہ صرف امریکا میں رہائش پذیر پاکستانی نژاد شہریوں کے لیے بلکہ پاکستان میں بسنے والے افراد کے لیے ایک تحفہ ہے۔

وکیل احمد کا مزید کہنا تھا کہ پایو کے اراکین طویل عرصے سے نیویارک میں مقیم پاکستانی برادری کی پہچان کے لیے کام کررہے تھےجبکہ ’کونی آئی لینڈ ایونیو ‘ کے آس پاس کے علاقے کو غیر رسمی طور پر ’لٹل پاکستان‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

اس حوالے سے درکار پیچیدہ مراحل اور مطالبات جنہیں پایو کے اراکین نے پورا کیا، کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ ہمیں اپنی کامیابی پر نہایت خوشی ہے ‘۔

اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کے ہمراہ پایو کے دیگر اراکین جاوید شبیر، ہمایوں ریاض، عدیل رانا اور ضیغم عباس بھی موجود تھے۔

اس سلسلے میں ’محمد علی جناح وے‘ کی باقاعدہ افتتاحی تقریب کا انعقاد آئندہ ماہ متوقع ہے۔


یہ خبر 29 دسمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں