کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے جعلی ڈگری رکھنے والے پائلٹ اور کیبن کرو کا لائسنس منسوخ کردیا۔

یہ احکامات سی اے اے کے ڈائریکٹر جنرل حسن بیگ نے سپریم کورٹ کی جعلی ڈگری رکھنے والے پائلٹس اور کیبن کرو کے خلاف کارروائی کے پیش نظر جاری کیے۔

انہوں نے ان تمام پائلٹس اور کیبن کرو کے بھی لائسنس منسوخ کیے گئے ہیں جنہوں نے اپنی ڈگری اور سرٹیفکیٹ جمع نہیں کرائے تھے۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کے 5 پائلٹس میٹرک پاس تک نہیں، سی اے اے کا انکشاف

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ’ان کے لائسنس اس وقت تک منسوخ رہیں گے جب تک وہ متعلقہ دستاویزات تصدیق کے لیے جمع نہیں کرواتے‘۔

واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے بینچ کے سامنے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے 7 پائلٹس کی ڈگریاں جعلی ہیں جن میں سے 5 نے تو میٹرک کا امتحان بھی پاس نہیں کیا ہے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 30 دسمبر 2018 کو شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں