وزیراعظم کا سالِ نو پر غربت، جہالت، کرپشن اور ناانصافی کے خلاف جہاد کا عزم

اپ ڈیٹ 01 جنوری 2019
صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان —فائل فوٹو
صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان —فائل فوٹو

سالِ نو کے آغاز پر دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی جشن منانے اور مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے اور لوگ ایک دوسرے کو پیغامات ارسال کر کے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کررہے ہیں۔

اس موقع پر پاکستانی رہنماؤں نے بھی قوم کو سالِ نو کی مبارکباد دی اور 2019 کو پاکستان کی بہتری، ترقی اور خوشحالی کا سال قرار دیا۔

اس سلسلے میں صدرِ مملکت عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کے ذریعے نئے سال کے آغاز کی مبارکباد دی اور ساتھ ہی کامیابیاں اور خوشیاں ملنے کی نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی دعائیہ کلمات لکھے۔

دوسری جانب وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سالِ نو کے عزم کا اظہار کیا اور 2019 کو پاکستان کے سنہری دور کا آغاز قرار دیا۔

اس کے ساتھ وزیراعظم نے ملک کو درپیش 4 اہم مسائل، غربت، جہالت، ناانصافی اور بدعنوانی کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف جہاد کرنے کا بھی عہد کیا۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بھی ٹوئٹ کر کے 2019 کو پاکستان کے لیے خوشحالی کا سال قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ متحد ہو کر ہی ہم اپنی کامیابیوں کو مستحکم بنائیں گے اس کےساتھ انہوں نے بھی دعائیہ پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنی رحمتیں ہم پر جاری رکھے۔

اس موقع پر انہوں نے اپنے پیغام میں شہدا کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

علاوہ ازیں گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور, وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی نئے سال کے آغاز پر مبارکباد پیش کی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد چوہدری وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی اپنے پیغامات میں مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں