’وفاقی حکومت معیشت ٹھیک کرنے کے بجائے دوسرے کاموں میں لگ گئی‘

وزیراعلیٰ سندھ سیکریٹریٹ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے—فوٹو:ڈان نیوز
وزیراعلیٰ سندھ سیکریٹریٹ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے—فوٹو:ڈان نیوز

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ملک کی معیشت ٹھیک کرنے اور وصولیوں کو بہتر بنانے کے بجائےدوسرے کاموں میں لگ گئی ہے۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس کے دیے گئے ریمارکس کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ مجھے علم نہیں کہ وفاقی کابینہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام نکالنے کے لیے کیا اقدامات کرے گی۔

ذرائع ابلاغ سے مزید گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان تحریک انصاف پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کی عددی اکثریت ہی کیا ہے جو حکومت بنانے کے خواب دیکھ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'پی ٹی آئی ہمارے نہیں اپنے اراکینِ اسمبلی کی فکر کرے'

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف والے اراکین اسمبلی کی وفاداری تبدیلی کی بات اس لیے کرتے ہیں کیوں کہ انہوں نے قانون پڑھا ہی نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف اپنے اراکین کو سنبھالےان کے اراکین حکومت کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے پریشان ہیں، میں سمجھ رہا تھا کہ یہ سدھر جائیں گے لیکن یہ کبھی نہیں سدھریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی حکومت کو فنڈز کی عدم فراہمی پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ فنڈز نہیں ہوں گے تو ترقیاتی کام کس طرح ہوں گے۔

مزید پڑھیں: آصف زرداری اجازت دیں تو ایک ہفتے میں حکومت گراسکتے ہیں، بلاول بھٹو

واضح رہے کہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ذرائع ابلاغ سے یہ گفتگو سندھ سیکریٹریٹ کے اچانک دورے کے موقع پر کی۔

ملازمین کی حاضری سے خوش نہیں، 2019 محنت و جدوجہد کا سال ہے

وزیراعلی سندھ نے نیو سیکریٹریٹ میں حاضری کا اندراج ملاحظہ کیا اور ملازمین کی غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

اس کے بعد انہوں نے اچانک محکمہ خزانہ کے دفتر پہنچ کر مختلف دفاتر کا معائنہ کیا اور ملازمین کی حاضری کا جائزہ لیا جبکہ مختلف محکمہ جات کے لیے جاری ہونے والے ترقیاتی فنڈز کا بھی جائزہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس کا سیاستدانوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے فیصلے پر نظرثانی کا حکم

بعدازاں انہوں نے سیکریٹری خزانہ، اور دیگر افسران کے ہمراہ اجلاس بھی کیا جس کے بعد وہ پیدل ہی نیو سیکریٹریٹ سے تغلق ہاؤس کی جانب روانہ ہوگئے۔

اس دوران انہوں نے سندھ سیکریٹریٹ کے باہر غیر مناسب پارکنگ دیکھتے ہوئے غصے کا اظہار کیا اور سیکریٹری جی اے کو پرانی گاڑیوں کی نیلامی کی ہدایت کی۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کے چیئرمین محمد وسیم کے دفتر میں ترقیاتی منصوبوں پر اجلاس کی سربراہی کی اور جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ اور کام کی رفتار تیز کرنے کی بھی ہدایت دی۔

مزید پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس: ای سی ایل میں شامل 172 افراد کی فہرست جاری

اس موقع پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج سال کے پہلے دن حاضری چیک کرکے پیغام دیا ہےکہ نیا سال محنت اور جدوجہد کا سال ہے، میں ملازمین کی حاضری سے خوش نہیں ہوں لیکن واضح پیغام دیاہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں