نوکیا کے فلیگ شپ فون کی لیک ویڈیو سامنے آگئی

اپ ڈیٹ 01 فروری 2019
ممکنہ نوکیا 9 — فوٹو بشکریہ ایون بلاس
ممکنہ نوکیا 9 — فوٹو بشکریہ ایون بلاس

گزشتہ دنوں نوکیا کے پہلے حقیقی فلیگ شپ فون نوکیا 9 پیور ویو کی تصویر لیک ہوکر سامنے آئی تھی، جو کہ دنیا کی پہلی 5 کیمروں والی ڈیوائس بھی ثابت ہونے والی ہے۔

مگر اب نوکیا 9 کی پروموشنل ویڈیو بھی لیک ہوگئی ہے جس سے تصدیق ہوتی ہے کہ یہ فون واقعی 5 بیک کیمروں سے لیس ہوگا۔

مائی اسمارٹ پرائس نامی یوٹیوب صارف نے یہ ویڈیو لیک کی ہے جبکہ اس سے پہلے تصویر کو ٹوئٹر صارف ایون بلاس نے لیک کیا تھا۔

مزید پڑھیں : نوکیا کا نیا فلیگ شپ فون کیسا ہوگا؟

تصویر میں تو اس فون کے زیادہ فیچرز کا اندازہ نہیں ہوتا مگر ویڈیو میں لگ بھگ اس کی ہر خوبی سامنے آگئی ہے۔

سب سے پہلی بات تو یہ ہے کہ فون کا کیمرہ سسٹم زئیسس آپٹکس سپورٹ کے ساتھ ہوگا جو کہ بیک وقت 5 شاٹس لے سکتا ہے جبکہ 10 گنا زیادہ روشنی میں بھی تصویر کا معیار خراب نہیں ہونے دیتا۔

اس کے علاوہ ایک اور فیچر یہ ہے کہ تصویر لینے کے بعد بھی فوٹو فوکس کو بدلنا ممکن ہے جو کہ ایک اچھا مگر آج کل کافی عام فیچر ہوچکا ہے۔

اس سے ہٹ کر یہ فون 5.99 انچ ڈسپلے کے ساتھ ہوگا جس میں فنگرپرنٹ اسکینر اسکرین کے اندر نصب کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : نوکیا کا نیا اسمارٹ فون سنگل چارج پر 2 دن تک چلے

کوالکوم اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر، سکس جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج سے لیس اس فون میں اوپر نیچے بیزل کافی نمایاں ہیں۔

ہاں نوکیا اس بار وائرلیس چارجنگ کا فیچر بھی اپنے فون میں متعارف کرارہی ہے جبکہ نوکیا 9 اینڈرائیڈ ون پروگرام کا حصہ ہے یعنی فوری اپ گریڈ اور سیکیورٹی اپ ڈیٹس کی ضمانت۔

یہ واضح نہیں کہ یہ فون کب تک متعارف ہوگا مگر امکان ہے کہ فروری میں موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر نوکیا اسے پیش کرسکتی ہے۔

اگر آپ کو حیرت ہو کہ کسی فون کو 5 کیمروں کی کیا ضرورت ہے تو اس کا جواب دینا واقعی آسان نہیں۔

بس یہ کہہ سکتے ہیں کہ گزشتہ برس سے فونز میں کیمروں کی تعداد میں اضافے کا رجحان بڑھ رہا ہے اور اب اکثر فلیگ شپ فونز کم از کم 3 کیمروں کے ساتھ متعارف ہورہے ہیں۔

اکثر اوقات کمپنیاں اس کی وجہ یہ بتاتی ہیں کہ مختلف لینسز کو مختلف کاموں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جیسے وائیڈ اسکرین، میکرو، زوم اور دیگر۔

تبصرے (0) بند ہیں