وزیراعظم نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 50 ارب روپے کی منظوری دی، گورنر سندھ

اپ ڈیٹ 04 جنوری 2019
—گورنر سندھ نے  پاکستان لائف اسٹائل فرنیچر ایکسپو کے افتتاح کیا—فوٹو:پریس سیکریٹری گورنر سندھ
—گورنر سندھ نے پاکستان لائف اسٹائل فرنیچر ایکسپو کے افتتاح کیا—فوٹو:پریس سیکریٹری گورنر سندھ

گورنرسندھ عمران اسماعیل نے تجازوات کے خلاف مہم کا اصل مقصد کراچی کی خوبصورتی کی بحالی کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 50 ارب روپے فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔

کراچی میں پاکستان لائف اسٹائل فرنیچر ایکسپو کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت صنعت کاروں اور تاجروں کی جانب سے کراچی میں ہونے والی مختلف معاشی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے کیونکہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہونے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لئے بھی پر کشش حیثیت رکھتا ہے۔

گورنر سندھ کے پریس سیکریٹری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عمران اسماعیل نے پاکستان لائف اسٹائل فرنیچر ایکسپو کے منتظمین کو اپنی اور وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اس پلیٹ فارم سے بین الاقوامی کمپنیاں فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان میں مشترکہ سرمایہ کاری کو بھی فروغ دے سکتی ہیں۔

صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 50 ارب روپے فنڈز کی منظور دی ہے جس سے کراچی پیکیج کے تحت منصوبوں کی تکمیل جلد ممکن ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی کو مزید فعال بنانے کے لیے انجینئرز، آکیٹیکچرز، ڈیزائنرز، آڈیٹرز اور دیگر شعبوں کے ماہرین کو کمیٹی کا ممبر بنایا گیا ہے تاکہ کراچی انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کے تحت جاری منصوبوں کو مزید بہتر انداز سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تجاوزات کے خلاف مہم کا اصل مقصد کراچی کی خوبصورتی کو بحال کرنا ہے جبکہ غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کی وجہ سے ملبے کے ڈھیر کو ٹھکانے لگانے کے علاوہ بے روزگار ہونے والے افراد کی بحالی کے لئے میئر کراچی سے سفارشات طلب کی ہیں تاکہ ان مسائل کا فوری اور دیر پا حل تلاش کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں صوبائی حکومت بھی اپنا کردار مزید موثر انداز سے ادا کرے۔

کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چار سے چھ ماہ میں گرین لائن بس سروس کو فعال کردیا جائے گا تاہم اس ضمن میں صوبائی اور وفاقی حکومت کے درمیان رابطوں کو مزید موثر بنانا ہوگا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ میئر کراچی اور حکومت سندھ کو کراچی کے مسائل باہمی مشاورت سے حل کرنے چاہیے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں