70 برس میں پہلی مرتبہ آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر بھارت سے شکست

اپ ڈیٹ 11 جنوری 2019
بھارت نے آج میچ ڈرا ہونے کے باعث آسٹریلیا کے خلاف سیریز 1-2 سے جیت لی — فوٹو: اے ایف پی
بھارت نے آج میچ ڈرا ہونے کے باعث آسٹریلیا کے خلاف سیریز 1-2 سے جیت لی — فوٹو: اے ایف پی

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان سڈنی میں کھیلا جانے والا چوتھا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا جس کے ساتھ ہی بھارت نے سیریز 1-2 سے جیت لی۔

واضح رہے کہ ویرات کوہلی کی کپتانی میں کھیلنے والی بھارتی ٹیم نے اپنی ملکی تاریخ میں پہلی بار آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

چوتھے ٹیسٹ میچ کے آخری دن آسٹریلوی ٹیم فالو آن کا شکار تھی اور اسے اپنی دوسری اننگز بغیر کسی وکٹ پر چھ رنز سے شروع کرنا تھی۔

تاہم مسلسل بارش کے باعث پانچویں روز کا کھیل ممکن نہ ہوسکا اور چوتھا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا۔

بھارت نے پہلی اننگز 7 وکٹوں کے نقصان پر 622 رنز پر ڈکلیئر کی تھی۔

مزید پڑھیں: بھارت کے خلاف آسٹریلیا مشکل میں، 286 رنز پر 6 وکٹوں سے محروم

پہلی اننگز میں بھارتی بلے باز پجارا نے سب سے زیادہ 193 رنز بنائے جبکہ ریشب پانٹ نے 159 رنز بنا کر بڑا اسکور کرنے میں ٹیم کی مدد کی تھی۔

جواب میں آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 300 رنز بناکر آوٹ ہوگئی اور فالو آن کا شکار ہوگئی تھی۔

میچ کے پانچویں روز کا آغاز آسٹریلوی کھلاڑیوں نے 6 رنز سے فالو آن سے کرنا تھا تاہم تیز بارش کے باعث پانچویں روز کھیل نہ ہوسکا اور میچ کو ڈرا قرار دے دیا گیا۔

بھارت نے اس سے قبل آسٹریلیا سے کھیلے جانے والے 3 میچوں میں سے 2 میچ جیتے تھے جبکہ اسے ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تاہم چوتھا اور آخری میچ ڈرا ہونے کے باعث بھارت کو سیریز میں فتح حاصل ہوئی۔

ٹیسٹ سیریز میں 521 رنز بنانے والے پجارا مین آف دی سیریز قرار پائے۔

واضح رہے کہ بھارت آسٹریلیا کے خلاف 1947 سے اب تک 11 سیریز کھیل چکا ہے جس میں سے 8 میں اسے شکست ہوئی اور 3 سیریز ڈرا رہی تھیں۔

اس مرتبہ ویرات کوہلی کی قیادت میں بھارتی ٹیم پہلی مرتبہ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی۔

سیریز جیتنے کے بعد بھارتی ٹیم نے گراؤنڈ میں انوکھا ڈانس بھی پیش کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں