سعودی عرب، پاکستان میں آئل ریفائنری کی تعمیر کیلئے تیار، سعودی میڈیا

اپ ڈیٹ 08 جنوری 2019
پاکستان میں آئل ریفائنری کا منصوبہ سعودی عرب کا سب سے بڑا منصوبہ ہوگا، فواد چوہدری—فائل/فوٹو:ڈان
پاکستان میں آئل ریفائنری کا منصوبہ سعودی عرب کا سب سے بڑا منصوبہ ہوگا، فواد چوہدری—فائل/فوٹو:ڈان

پاکستان اور سعودی عرب سرمایہ کاری کے ایک بڑے منصوبے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کو تیار ہوگئے ہیں جس کے تحت گوادر میں کئی ارب ڈالر کی لاگت سے سعودی آرامکو آئل ریفائنری کی تعمیر ہوگی۔

سعودی عرب کے روزمانہ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب جلد ہی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرے گا۔

قبل ازیں کابینہ کے ایک رکن نے تصدیق کی تھی کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان فروری کے پہلے ہفتے میں پاکستان آئیں گے اور ان کی درخواست پر بننے والے پیٹروکیمکل کمپلیکس کی تعمیر کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے اگست 2018 میں منصب سنبھالنے کے بعد اپنا پہلا غیرملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا جبکہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو خسارے پر قابو پانے کے لیے 3 اعشاریہ 18 کی شرح سود پر 2 ارب ڈالر فراہم کیے گئے تھے جبکہ ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط بھی فروری کے پہلے ہفتے میں مل جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور امارات نے 6 ارب 20 کروڑ ڈالر کے امدادی پیکج کو حتمی شکل دے دی

سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو ماہانہ 27 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی اوسط سے تیل کی فراہمی بھی اسی مہینے شروع ہوگی۔

عرب نیوز کے مطابق فرروی میں اعلیٰ سطح کے سعودی وفد کے سامنے پاکستان آئل ریفائنری سمیت سرمایہ کاری کے کئی معاہدوں پر دستخط کرے گا۔

وزیراطلاعات فواد چوہدری نے اس رپورٹ کی تصدیق کر دی ہے۔

عرب نیوز کے مطابق فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ‘آئل ریفائنری کا منصوبہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کا سب سے بڑا منصوبہ ہے’۔

پاکستان بورڈ آف انوسٹمنٹ کے چیئرمین ہارون شریف نے عرب نیوز کو بتایا کہ ‘آرامکو آئل ریفائنری کے مفاہمتی یادداشت کے عمل کو حتمی شکل دینے کے لیے کراچی سے 15 رکنی سعودی وفد نے گوادر کا دورہ کیا تھا’۔

مزید پڑھیں: آئی ایم ایف کی ہدایات کی ضرورت نہیں، روپے کی قدر خود کم کی، وزیر خزانہ

ہارون شریف کا کہنا تھا کہ ‘آرامکو آئل ریفائنری کی تعمیر کے لیے ہم مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دے چکے ہیں اور تمام ضوابط پر اتفاق ہوگیا ہے اور مناسب وقت پر معاہدے پر دستخط ہوں گے’۔

اس سے قبل بھی ہارون شریف نے کہا تھا کہ ‘ہم چند ہفتوں میں سعودی آرامکو اور ایکوا پاور سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کریں گے کیونکہ سعودی آرامکو پاکستان میں آئل ریفائنری اور پیٹروکیمیکل کمپلیکس تعمیر کرنا چاہتی ہے، جبکہ ایکوا پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے گی’۔

چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ کا کہنا تھا کہ ‘مجھے سعودی عرب سے 3 برس کے دوران 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آنے کی توقع ہے کیونکہ پاکستان میں آئل ریفائنری اور پیٹروکیمیکل کی سرمایہ کاری سے بالترتیب 6 ارب ڈالر اور 10 ارب ڈالر کی آمدن کا تخیمنہ لگایا گیا ہے’۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے گزشتہ ماہ اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سعودی عرب سے سرمایہ کاری کا ایک پیکیج آرہا ہے جو پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑی بیرونی سرمایہ کاری ہوگی جس کا جلد اعلان کیا جائے گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Talha Jan 08, 2019 11:48am
Bahot achiee news.........Kiya hi acha ho agar petrochemical Plants Punjab mein lagaein jayien......