سابق کپتان وسیم اکرم نے موجودہ کرکٹ ٹیم میں کپتان کی تبدیلی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرفراز احمد کو تھوڑا وقت دینا چاہیے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ ٹیم میں اس وقت کوئی ایسا کھلاڑی نہیں جو سرفراز احمد کا متبادل ہو، ٹیسٹ کرکٹ ایک مشکل فارمیٹ ہے اس لیے میرے خیال میں سرفراز کو تھوڑا وقت دینا چاہیے۔

انہوں نے 'مجھے اس بات کی سمجھ نہیں آرہی کہ ہم اس بات پر حیران کیوں ہیں کہ پاکستانی بلے باز وہاں ناکام ہو رہے ہیں، ہم بھی جب وہاں کھیلتے تھے تو ہمیں بھی مشکل ہوتی تھی کیونکہ وہاں کی پچز ہماری پچز سے مختلف ہیں۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'ہمیں مستقبل میں یہ لائحہ عمل اپنانا چاہیے کہ ہم جب بھی جنوبی افریقہ، آسٹریلیا یا نیوزی لینڈ میں کھیلنے جائیں تو سیریز سے قبل کم از کم دو فرسٹ کلاس میچز کھیلیں تاکہ باؤلرز اور بیٹسمین پچ کا بہتر اندازہ کر سکیں۔'

یہ بھی پڑھیں: جوہانسبرگ ٹیسٹ: کوچ کا قومی ٹیم میں تبدیلیوں کا عندیہ

وسیم اکرم نے جنوبی افریقہ کی پچز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایسی پچز بناتے تو اب تک رپورٹ ہو چکی ہوتیں۔

انہوں نے ملتان میں عالمی معیار کی 'وسیم اکرم اکیڈمی' بنانے کا اعلان کیا۔

سابق کپتان نے بھارت کو آسٹریلیا میں سیریز جیتنے پر مبارک باد دی۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی شکست کے بعد ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور انہیں کپتانی سے ہٹائے جانے کی باتیں سامنے آرہی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں