منی بجٹ میں ٹیکسز میں اضافہ نہیں ہوگا، وزیرِخزانہ کی یقین دہانی

15 جنوری 2019
وزیرخزانہ 23 جنوری کو ضمنی بجٹ پیش کریں گے — فوٹو، ڈان نیوز
وزیرخزانہ 23 جنوری کو ضمنی بجٹ پیش کریں گے — فوٹو، ڈان نیوز

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ منی بجٹ میں عوام پر بوجھ نہیں ڈالا جائے گا، بلکہ اس کا مقصد سرمایا کاری کو بڑھانا ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت میں پیدا ہونے والے بحران پر قابو پالیا گیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ وہ منی بجٹ سے متعلق تفصیلات اسی روز بتائیں گے جب بجٹ پیش کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: وزیر خزانہ کا 23 جنوری کو منی بجٹ پیش کرنے کا اعلان

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس بجٹ میں عوام پر ٹیکسز لاگو نہیں کیے جائیں گے بلکہ اس کی مدد سے برآمدات، سرمایہ کار اور کاروبار کو بڑھایا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ معیشت کا پہیہ تیز کرنے کے لیے بھی ضمنی بجٹ اہم ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ حکومت درآمد شدہ کوئلے پر چلنے والے منصوبوں کو آگے بڑھانے کی خواہشمند نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو انفرا اسٹرکچر کے مرحلے کے بعد اب صنعتی پیداوار اور تجارت کے مرحلے کی جانب لے جایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ’گزشتہ حکومت کا بجٹ جعلی تھا، اب اصلی آرہا ہے‘

خیال رہے کہ 12 جنوری کو وزیرِ خزانہ اسد عمر نے مالی سال 19-2018 کے دوران 23 جنوی کو منی بجٹ پیش کریں گے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے 2 روز قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پچھلی حکومت کی جانب سے دیا گیا بجٹ جعلی تھا اب اصلی بجٹ آرہا ہے۔

میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ منی بجٹ میں روشن اور مستحکم پاکستان کی بنیاد رکھی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں