متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو 1 ارب ڈالر منتقل کر دیئے

25 جنوری 2019
رقم گورنر اسٹیٹ بینک اور ابوظہبی فنڈ برائے ترقیاتی امور کے ڈائریکٹر جنرل کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت منتقل ہوئی — فوٹو: پی آئی ڈی
رقم گورنر اسٹیٹ بینک اور ابوظہبی فنڈ برائے ترقیاتی امور کے ڈائریکٹر جنرل کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت منتقل ہوئی — فوٹو: پی آئی ڈی

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اکاؤنٹ میں ایک ارب ڈالر منتقل کر دیئے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مرکزی بینک کے گورنر طارق باجوہ اور ابوظہبی فنڈ برائے ترقیاتی امور کے ڈائریکٹر جنرل کے درمیان 22 جنوری کو طے پانے والے معاہدے کے تحت رقم موصول ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ یہ وزیراعظم عمران خان کے دورے کے بعد ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کے لیے متحدہ عرب امارات کی طرف سے اعلان کردہ 3 ارب ڈالر کی پہلی قسط ہے۔

گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات نے اسٹیٹ بینک میں 3 ارب امریکی ڈالر جمع کروانے کا اعلان کیا تھا۔

ابوظہبی فنڈز برائے ترقیاتی امور کی جانب سے کہا گیا کہ وہ یہ رقم آئندہ چند روز کے اندر اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کروائیں گے تاکہ پاکستان کے مرکزی بینک میں غیر ملکی ذرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھایا جاسکے۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور امارات نے 6 ارب 20 کروڑ ڈالر کے امدادی پیکج کو حتمی شکل دے دی

اماراتی نیوز ایجنسی کا کہنا تھا کہ یو اے ای کی جانب سے پاکستان کی مانیٹری پالیسی میں مدد دونوں ممالک اور ان کے عوام کے درمیان تاریخی تعلقات کی بنیاد پر کی جارہی ہے۔

دونوں ممالک نے تمام شعبہ جات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا تھا۔

ایس بی پی کو دی جانے والی رقم تقریباً 4 کھرب 16 ارب روپے سے زائد ہے جو صحت، توانائی، تعلیم اور روڈ انفراسٹرکچر کے 8 جاری منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں