خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 کے شیڈول کا اعلان

اپ ڈیٹ 03 فروری 2019
ایونٹ میں 10 ٹیمیں شرکت کریں گی—فوٹو: بشکریہ آئی سی سی
ایونٹ میں 10 ٹیمیں شرکت کریں گی—فوٹو: بشکریہ آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین ٹی 20 ورلڈ کپ 2020 کے شیڈول کا بھی اعلان کردیا۔

آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے اس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز 21 فروری سے ہوگا اور یہ 8 مارچ 2020 تک جاری رہے گا۔

ایونٹ میں دنیا بھر سے 10 بہترین ویمن ٹی ٹوئنٹی ٹیمز شرکت کریں گی جبکہ میزبان آسٹریلیا ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 کے شیڈول کا اعلان

ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل 15 سے 20 فروری کے دوران ایڈیلیڈ اور برسبین میں وارم اپ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔

خواتین کرکٹ کے عالمی میلے کے 23 میچز آسٹریلیا کے 6 شہروں میں کھیلے جائیں گے، جس کے لیے ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

مردوں کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی طرح اس میں بھی روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو الگ الگ گروپس میں رکھا گیا ہے۔

گروپ اے میں آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور ایک کوالیفائر شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں پاکستان، جنوبی افریقہ، ونڈیز (ویسٹ انڈیز) ، انگلینڈ اور ایک کوالیفائر شامل ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ 2019 کا حتمی شیڈول جاری، فائنل 14جولائی کو ہو گا

ایونٹ میں قومی ویمن ٹیم اپنا پہلا میچ 26 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی جبکہ گرین شرٹس 28 فروری کو انگلینڈ، 29 فروری اور یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور 3 مارچ کو کوالیفائر ٹیم کے مدمقابل آئے گی۔

ویمن ٹی ٹوئنٹی کا پہلا اور دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا جبکہ ایونٹ کا فائنل 8 مارچ کو میلبرن کے تاریخی اسٹیڈیم میں ہوگا۔

واضح رہے کہ ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل 8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر رکھا گیا ہے اور یہ خواتین کے کھیلوں میں شائقین کی موجودگی کا نیا عالمی ریکارڈ بنانے کا موقع ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں