بھارت سے بہتر تعلقات کی راہ میں کشمیر رکاوٹ ہے ،فواد چوہدری

01 فروری 2019
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ  کشمیر پاکستان کے لیے انسانی مسئلہ ہے — فوٹو: ڈان نیوز
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کشمیر پاکستان کے لیے انسانی مسئلہ ہے — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کشمیر ہمارے لیے ایک انسانی مسئلہ ہے کیونکہ کشمیریوں سے ہمارا روح کا تعلق ہے۔

اسلام آباد میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ کشمیری ہماری روح کا حصہ ہیں، ہمارا لہو ان کے ساتھ بہتا ہے اور بہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کشمیر پاکستان کے لیے انسانی مسئلہ ہے جبکہ بھارت کے نزدیک یہ ایک علاقائی مسئلہ ہے۔

مزید پڑھیں: ’بھارت میں پاکستانی سفیر کی طلبی انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش‘

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح سے کشمیریوں کی جدوجہد جاری ہے یہ کہنے میں دو رائے نہیں کہ بھارت نے کشمیر پر قبضہ کیا ہوا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پوری دنیا میں بھارت کی جگ ہنسائی ہورہی ہے، یہ کس طرح کشمیر میں حکمرانی کرسکتے ہیں کہ ہر 10 کشمیریوں پر ایک بھارتی فوجی تعینات ہے، روزانہ وہاں پر خون بہتا ہے، روزانہ ظلم ہوتا ہے اور آپ سمجھتے ہیں کہ دنیا اپنی آنکھیں بند کرلے گی تو ایسا نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی قیادت بھی اب کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم پر بات کررہی ہے حتیٰ کہ وہ قیادت جو روایتی طور پر بھارت کے ساتھ رہی وہ بھی کہنے پر مجبور ہے کہ کشمیریوں کا دل بھارت کے ساتھ نہیں ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کشمیر میں پاکستان کے لیے محبت اس لیے بڑھتی جارہی ہے کیونکہ پاکستان کا تعلق کشمیریوں سے بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کا احتجاج مسترد، برطانیہ کا یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب میں مداخلت سے انکار

انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر کرنا چاہتے ہیں لیکن اس میں بھارت کا رویہ رکاوٹ ہے کہ وہ کشمیریوں کو محکوم بنا کر رکھنا چاہتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں نسل درنسل آزادی کے لیے جدوجہد جاری ہے، ہم کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں